بھارت افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کا مؤجب ہے دفترخارجہ

افغانستان میں بھارت کا کردار خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک October 13, 2017
افغانستان میں بھارت کا کردار خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے، ترجمان دفترخارجہ: فوٹو؛ فائل

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کا مؤجب بن رہا ہے جو خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کی 7 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور گزشتہ چند روز میں بھی 7 بے گناہ کشمریوں کو شہید کردیا گیا، وادی میں بڑے پیمانے پر گمنام قبروں کا انکشاف بھی بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی کو روکنے میں کردار ادا کرے امید ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بدتر صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں اور افغانستان میں بھارت کا کردار خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے بھارت افغان سرزمین کو استعمال کرکے پاکستان میں دہشت گردی کا مؤجب بن رہا ہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں تمام ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دینا ہوگی، انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں، گزشتہ روز امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر ہی پاک فوج نے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا، امریکا نے پاکستان کے تعاون اور مغویوں کی بازیابی پر پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ان دنوں امریکا کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دورے پر ہے اور وفد کی وزیرخارجہ و سیکرٹری خارجہ پاکستان سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں، ملاقاتوں میں امریکی وفد کو آپریشن رد الفساد، ضرب عضب اور خیبرفور کی کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں