پیپلز پارٹی نے آئندہ انتخابات کیلیے اپنی حکمت عملی تیار کرلی

پی پی پارلیمنٹیرینز کو پیپلزپارٹی میں ضم کرکے تیر کے نشان پر انتخابات میں حصہ لیا جائے گا

قومی اور صوبائی سطح پر5 کمیٹیاں بنائی جائیں گی، انتخابی مہم کا آغاز27 دسمبر سے ہوگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ انتخابات کیلیے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے بجائے پیپلزپارٹی کے نام سے لڑا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے بجائے پیپلزپارٹی کے نام سے لڑا جائے گا اور انتخابی نشان تیر کے لیے الیکشن کمیشن کو باقاعدہ درخواست دی جائے گی۔ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کیلیے انتخابی مہم کا آغاز27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ میں جلسے سے ہوجائے گا جبکہ انتخابی مہم کو دو حصوں میں تقسُیم کیا جائے گا۔


سندھ کے علاوہ باقی تمام صوبوں میں میں ہم خیال سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کرے گی۔ انتخابی معاملات کی نگرانی کیلیے قومی اور صوبائی سطح پر پانچ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی ، انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی بلاؤل بھٹوزرداری اور سیاسی معاملات آصف علی زرداری دیکھیں گے، انتخابات سے قبل قانونی مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکو پیپلز پارٹی میں ضم کیا جائے گا۔ اگر کوئی قانونی رکاوٹ پیش نہ آئی تو آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے پیلٹ فارم سے حصہ لیا جائے گا۔ انتخابی نشان ''تیر ''الاٹ کرنے کیلیے درخواست دی جائے گی۔

سندھ کے شہری علاقوں میں پیپلز پارٹی کیخلاف کسی بھی بڑے انتخابی اتحاد کی تشکیل میں ایم کیوایم پاکستان کو شامل ہونے سے روکنے کیلیے ان کی قیادت سے بھی رابطے کیے جائیں گے اور اہم سیاسی حکمت عملی کے تحت عام انتخابات سے قبل بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات تقویض کرنے کیلیے کوئی قانون سازی کی جاسکتی ہے۔
Load Next Story