درآمدی ایل پی جی کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی کلو کمی

گھریلو سلنڈر 18 اور کمرشل 68 روپے سستا، فی ٹن قیمت 1500 روپے کمی سے1.177 لاکھ ہوگئی۔


Business Reporter February 28, 2013
گھریلو سلنڈر 18 اور کمرشل 68 روپے سستا، فی ٹن قیمت 1500 روپے کمی سے1.177 لاکھ ہوگئی۔ فوٹو : فائل

مائع پٹرولیم گیس کے مرکبات بیوٹین اور پروپین کی فی ٹن قیمت 15 ڈالر کم ہوکر895 ڈالرکی سطح پر آنے سے مارچ2013 کے لیے ایل پی جی کی سعودی آرامکوکنٹریکٹ پرائس بھی15 ڈالر کی کمی سے895 ڈالر ہو گئی جس کے باعث ملک میں درآمدی ایل پی جی کی فی ٹن قیمت1500 روپے کی کمی سے 1 لاکھ 17 ہزار 700 روپے ہوگئی۔

کنٹریکٹ پرائس میں کمی کے نتیجے میں درآمدی ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت 1.50 روپے، فی 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت18 روپے اور فی45.4 کلوگرام سلنڈر کی قیمت 68 روپے گھٹ گئی ہے۔ آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالہادی خان نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی کی وجہ ملک میں ایل پی جی کی زیادہ مقدار میں درآمدات ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس ایل پی جی کے ذخائر سرپلس ہوگئے ہیں تاہم یہ صورتحال ایل پی جی کے صارفین کے لیے حوصلہ افزا ہیں کیونکہ سرپلس ذخائر کو ختم کرنے کے لیے مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان مسابقت کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔



انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران ملک میں مجموعی طور پر26 ہزار 200 ٹن ایل پی جی مختلف ممالک سے درآمد کی گئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی پروڈیوسرز بھی اسی تناسب سے 3 مارچ کو مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں۔ عبدالہادی نے بتایا کہ بعض مفاد پرست اور غیرنمائندہ افرادایل پی جی کے مجاذ ڈسٹری بیوٹرز اور صارفین کے درمیان محاذ آرائی پیدا کرنے کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اتارچڑھائو کے حوالے سے من گھڑت بیانات جاری کررہے ہیں تاہم میڈیا کو چاہیے کہ وہ اس قسم کے من گھڑت بیانات تصدیق کے بعد جاری کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں