کراچی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 18080 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

بہتر کارپوریٹ نتائج پر انرجی سیکٹر میں خریداری، انڈیکس میں 186 پوائنٹس کا اضافہ،197 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter February 28, 2013
مارکیٹ سرمایہ 35 ارب 62 کروڑ روپے بلند، کاروباری حجم 14 فیصد کم، 26 کروڑ 95 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو : فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں دوروزہ وقفے کے بعد بدھ کو اتارچڑھاؤ کے بعد دوبارہ تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے باعث53 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں35 ارب 61 کروڑ 81 لاکھ72 ہزار 716 روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ حب پاورکمپنی کے اچھے مالیاتی نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاروں نے انرجی کی دیگر کمپنیوں کے اچھے نتائج کی توقعات پراپنی سرمایہ کاری بڑھائی جس سے انڈیکس کے دیگر آئٹموں پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوئے اور مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن ہوا۔



کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 186.01 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار 18080.91 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس185.50 پوائنٹس کے اضافے سے 14833.15 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 364.05 پوائنٹس کے اضافے سے 31388.20 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت14 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ95 لاکھ37 ہزار510 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار374 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں197 کے بھاؤمیں اضافہ، 153 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں