عامر کی عدم موجودگی میں ذمے داری بڑھ گئی حسن علی

فٹ اور بھرپور فارم میں ہوں، آئندہ میچزمیں عمدہ کارکردگی پیش کروں گا، نوجوان پیسر


عبدالرحمان رضا October 15, 2017
فٹ اور بھرپور فارم میں ہوں، آئندہ میچزمیں عمدہ کارکردگی پیش کروں گا، نوجوان پیسر۔ فوٹو: فائل

لاہور: حسن علی کا کہنا ہے کہ محمد عامرکی عدم موجودگی میں ذمہ داری بڑھ گئی۔

سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی 83 رنز سے فتح میں حسن علی کی جارحانہ بولنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا، پیسر نے 9 اوور میں 36 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویو میں حسن علی نے کہا کہ ہم ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ہرحال میں میچ جیتنا چاہتے تھے، کھلاڑیوں نے سخت محنت کی، پوری توجہ میچ پر مرکوز رکھی اورسرخرو ہوئے۔

محمد عامر کی انجرڈ ہونے کی وجہ سے بولنگ کرتے ہوئے اضافی دباؤ محسوس کرنے کے سوال پر حسن علی نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں لیکن ذمہ داری زیادہ بڑھ گئی، خوشی ہے کہ میں توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا جو فتح کے سفر میں ٹیم کے کام آئی، انھوں نے کہا ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں مسائل ہوئے تھے، بحالی کیلیے فزیو کی نگرانی میں کام کیا، اس وقت مکمل فٹ اور بھرپور فارم ہوں، آنے والوں میچز میں مزید بہتر کارکردگی دکھاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اگرچہ سری لنکا نے ٹاس جیت کر ہمیں بیٹنگ کی دعوت دی لیکن اچھا اسکور کرنے کے بعد بولرز کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت ہم حریف کو دباؤ میں لانے میں کامیاب ہوگئے تھے، رات کو اوس پڑنے کی وجہ سے کچھ دقّت ہورہی تھی اسی وجہ سے آئی لینڈرز مزاحمت کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے اچھی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے، ٹاس ہارنے کے باوجود ہم نے بہتر پلاننگ کیساتھ مہمان ٹیم کو میچ میں واپس آنے کا موقع نہیں دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں