ویمنز ٹینس میں ماریا شراپووا نے فائنل میں قدم رکھ دیے

ہانگ کانگ میں ڈاریا گیوریلوااور اناستاسیا کی فیصلہ کن معرکے میں رسائی


Sports Desk October 15, 2017
شنگھائی ماسٹرز میںراجرفیڈرر اور رافیل نڈال مد مقابل۔ فوٹو فائل

SARGODHA: تیانجن میں ماریا شراپووا ٹرافی سے ایک فتح کی دوری پر پہنچ گئیں۔

تیانجن ویمنز ٹینس میں پانچ بار کی گرینڈ سلم فاتح ماریا شراپووا نے پینگ شوئی کو 6-3 اور6-1سے شکست دیکر فائنل میں قدم رکھ دیے، ٹرافی کیلیے انھیں اب بیلاروس کی آریانا سیبالینکا کا چیلنج درپیش رہے گا، جنھوں نے دوسرے فائنل فور میں سارا ایرانی کو 6-1 اور6-3 سے مات دیدی۔

دوسری جانب شنگھائی ماسٹرز ٹینس میں رافیل نڈال نے مارن کلک کو بھرپور مقابلے میں 7-5، 7-6(7/3) سے مات دیکر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں ممکنہ طور پر ان کا ٹاکرا روایتی حریف راجرفیڈرر سے متوقع ہے، اسپینش اسٹار ابھی تک شنگھائی میں کوئی ٹائٹل نہیں جیت پائے ہیں لیکن اس بار ان کی فارم انتہائی شاندار ہے اور انھوں نے کروشین پلیئر کو سخت تناؤ کے بعد زیر کیا ہے۔

دوسرے سیمی فائنل میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو ٹھکانے لگادیا، ان کی فتح کا اسکور 3-6،6-3 اور6-3 رہا،اس سے قبل ڈیل پوٹرو گذشتہ دن کلائی کی انجری کے سبب تکلیف میں مبتلا تھے اور یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ شاید وہ ٹینس کورٹ میں واپس نہیں آسکیں لیکن منتظمین نے واضح کردیا کہ ڈیل پوٹرو سیمی فائنل میچ کھیلنے کیلیے تیار ہیں تاہم وہ فتح حاصل نہیں کرپائے۔

ادھر ہانگ کانگ ویمنز اوپن ٹینس کا فائنل ڈاریا گیوریلووا اور اناستاسیا پاولیچنکووا کے درمیان ہوگا، سیمی فائنلز میں ڈاریا نے امریکی حریف جینیفر بریڈی 6-0،7-5 سے قابو کرلیا، پاولیچنکووا نے چینی امیدوں کا محور وانگ کیانگ کی پیشقدمی ختم کردی، 6 سیڈ روسی پلیئر نے یہ مقابلہ 6-3 اور6-4 سے اپنے نام کرلیا۔

ماسکو میں پیدا ہونے والی آسٹریلین شہری گیوریلووا نے ابتدائی سیٹ تو 22 منٹ میں جیت لیا لیکن امریکی پلیئر جینیفر نے انھیں دوسرے سیٹ میں بھرپور مزاحمت پیش کی لیکن گیوریلووا نے بیک ہینڈ شاٹ کھیل کر میچ کا اختتام کیا، فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میں یہاں فائنل تک رسائی پانے پر انتہائی پرجوش ہوں، یہ ہانگ کانگ اوپن میں میری تیسری شرکت ہے، میں اس سے قبل یہاں کوارٹرز اور سیمی فائنل تک پہنچ پائی تھی لیکن اس بار میں ٹرافی سے ایک فتح کی دوری پر آگئی ہوں۔

گیوریلووا کیریئر کی دوسری ڈبلیو ٹی اے ٹرافی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، انھوں نے رواں برس اگست میں نیوہیون میں پہلی بار ٹائٹل جیتا ہے ، فائنل میں روسی حریف اناستاسیا کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ بھی سردست عمدہ کھیل پیش کررہی ہیں لیکن میں ان کیخلاف بھی اپنی جارحانہ روش ہی برقرار رکھوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |