شریف مافیا سزا سے بچنے کیلئے فوج کو برا بھلا کہہ رہا ہے عمران خان

یہ ہماری اپنی فوج ہے اور میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں لگتا ہے اب آخری بار سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک October 15, 2017
شریف برادران جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، چیرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو: ظفر اسلم / ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ شریف مافیا سزا سے بچنے کیلئے فوج کو برا بھلا کہہ رہا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فوج کو برا بھلا کہنے کا مقصد یہ ہے کہ شریف مافیا منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ جائے، جے آئی ٹی میں صحیح کام کرنے پر فوج کو برا بھلا کہا جارہا ہے، شریف برادران جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، حالانکہ عدلیہ کا فیصلہ نہ ماننے سے جمہوریت خود بخود ڈی ریل ہوگئی اور نظام انتشار کی طرف جارہا ہے، اب شریف خاندان کے خلاف ریاست مدعی ہے اور ریاست شریف خاندان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی وجہ سے انتشار کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، یہ لوگ فوج کو اشتعال دلا رہے ہیں، حالانکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فوج کہہ رہی ہے کہ آئین و قانون کے ساتھ کھڑْے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن میں کارکن آپس میں لڑپڑے



عمران خان نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ ہمیں اب آخری بار سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، ہمیں دھرنے اور آنسو گیس کا پورا تجربہ ہے، ہماری خواتین کارکن ن لیگ کے مردوں سے زیادہ تجربہ کار ہیں، پورے ملک کو تیار کر رہا ہوں، جس دن یہ دیکھا کہ انہوں نے ہماری عدلیہ کو بدنام کیا تو اتنے لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر نکل آئیں گے کہ کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی۔



چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپنی چوری بچانے کے لیے فوج کو بدنام کیا جارہا ہے، مجھ پر فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، ہاں میں بالکل فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، یہ ہماری اپنی فوج ہے جو کوئی غلط کام نہیں کررہی، بلکہ فاٹا سے لے کر بلوچستان تک روزانہ قربانیاں دے رہی ہے، ہم فوج کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے تو کیا ہندوستان اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جو سیاست ہورہی ہے اس کی وجہ سے آج ہم مقروض ہیں اور سبز پاسپورٹ کی کوئی حیثیت نہیں، نائن الیون کے بعد سے ہم غیرملکیوں کی مدد کررہے ہیں جب کہ بیرون ملک بے قصور پاکستانیوں کو قتل کیا گیا، جیلوں میں ڈال دیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ماضی میں پاکستان کی عزت تھی جو آج ختم ہوگئی ہے، سیاست دانوں نے پاکستان کو اس حال پر پہنچایا، اقتدار میں آکر اپنی ذات کے لیے پیسہ بنانا کرپشن ہے۔



عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں صرف قائداعظم کو ہی لیڈر مانتا ہوں اور جو جدوجہد قائداعظم کی تھی وہی پی ٹی آئی کی بھی ہے، آج پاکستان مقروض ہوچکا اور کوئی پوچھنے والا نہیں، شریف فیملی کے بچے آج ارب پتی بن گئے ہیں، میاں شریف کے 7 بھائی تھے، آج ان کے بھائی کہاں ہیں اور میاں شریف کے دونوں بچے کہاں ہیں، اقتدار میں آنے سے قبل اور آنے کے بعد ان سیاست دانوں کے اثاثوں کا جائزہ لیں، آپ چوری پکڑ لیں گے، سینما کا ٹکٹ بیچنے والے زرداری کے 600 ارب روپے ملک سے باہر پڑے ہیں، عوام سیاست دانوں کو صحیح برا بھلا کہتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ شریف خاندان 300 ارب کی چوری کرکے عدالت میں ایسے آیا جیسے کشمیر فتح کرلیا ہو، 30 ہزار کروڑ کی چوری کرکے پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور جے آئی ٹی کے باہر کھڑے ہوکر کہتے ہیں کہ میرے سوال کا جواب نہیں دیا، پاکستان میں طاقتور خود کو ماورائے قانون سمجھتا ہے، اس ملک پر ان لوگوں نے حکمرانی کی جنہوں نے صرف اپنی ذات کے لیے سوچا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں