آملا اور ڈی کک نے جنوبی افریقہ کو تاریخ ساز کامیابی دلا دی 

کوانٹن ڈی کک 168 اور ہاشم آملہ 110رنز پر ناٹ آؤٹ رہے


Sports Desk October 15, 2017
کوانٹن ڈی کک 168 اور ہاشم آملہ 110رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ نے ہاشم آملا اور کوانٹن ڈی کک کی شاندار سنچریز کی بدولت بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ون ڈے میں 10 وکٹ سے تاریخ ساز کامیابی حاصل کر لی۔

جنوبی افریقا نے مہما ن ٹیم کی جانب سے دیا گیا 279 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 42.5 اوورز میں حاصل کیا۔ کمبرلی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے کوانٹن ڈی کک اور ہاشم آملہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ کوانٹن ڈی کک 145 گیندوں پر 21 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 168 جبکہ ہاشم آملا نے 112 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 110 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

ڈی کک اور آملا نے اس فتح کے ساتھ کئی ریکارڈز بھی پاش پاش کیے، وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے 282 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کرنے میں کامیاب رہے ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز 187 رنز کیساتھ ہرشل گبز اور گریم سمتھ کے پاس تھا۔ یہ جنوبی افریقہ کے ایک روزہ میچوں میں سب سے بڑی فتح ہے، جبکہ پروٹیز کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف 10 وکٹ سے فتح ون ڈے کی تاریخ میں میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی کامیابی بھی ہے۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے، مشفیق الرحیم 116 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، امرؤ القیس 31، شکیب الحسن 29 اور محمود اللہ 26 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 4 ، پریٹوریس نے 2 جبکہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں