پاکستان خوبصورت ملک ہے یہاں آکر کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا عمار دھامنی

تھوڑی سی توجہ سے کام کیا جائے توپاکستانی دنیا کے ہرکونے میں خود کومنوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اداکارہ


Qaiser Iftikhar October 16, 2017
ہدایتکارشہزاد رفیق اوراداکارشان نے میری فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھارا، عمار دھامنی. فوٹو: فائل

مراکش سے تعلق رکھنے والی خوبرواداکارہ وگلوکارہ وائم عماردھامنی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اوریہاں آکر کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔

وائم عمار دھامنی نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اوریہاں آکر کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے کیرئیرکا آغازمراکش سے بطور میزبان کیا تھا۔ ویسے تو مجھے بچپن سے ہی بننے، سنورنے کا شوق تھااورمیں شوبزکوہی اپنا کیرئیر بنانا چاہتی تھی لیکن اس سے قبل میں نے انجینئرنگ کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ طورپر شوبزانڈسٹری میں کام شروع کیا۔ میزبانی کرتے ہوئے مجھے اداکاری کی آفرزشروع ہوئی تومیں نے پہلے اداکاری کی تربیت حاصل کی اوراسی طرح گلوکاری کی بھی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں خود کوبہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میرے کام کو بہت سراہاگیا اورتھوڑے ہی عرصے میں میرا شمارمڈل ایسٹ کے سپراسٹارزمیں ہونے لگا۔ اس دوران میرے کچھ دوستوں نے مشورہ دیا کہ مجھے بالی ووڈ کے لیے کام کرنا چاہیے۔ کیونکہ اکثر بالی ووڈاسٹارز شوٹنگ کے لیے یا پھرپروگراموں میں پرفارم کرنے کے لیے دبئی آتے تھے توان سے ملاقات ہوتی رہتی تھی۔ جس کی وجہ سے مجھے بالی ووڈتک رسائی میں مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

عمار دھامنی نے کہا کہ پاکستانی فلم میں کام کا تجربہ بھی بہت شانداررہا۔ شہزاد رفیق جیسے منجھے ہوئے ہدایتکاراورشان جیسے ورسٹائل ہیرونے میری فنکارانہ صلاحیتوں کو خوب نکھارا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے فلم کی کہانی اوراپنے کردار کو دیکھتے ہوئے کام کرنے کی حامی بھرلی اورپھروہاں جس طرح کا ماحول میسرآیا، اس کوکبھی نہیں بھلا سکتی۔

وائم عمار دھامنی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی توکوئی کمی نہیں ہے، بس تھوڑی سی توجہ سے کام کیا جائے توپاکستانی دنیا کے ہرکونے میں اپناکام متعارف کروانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں