سری لنکا کی بہترین کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجیں گے بورڈ چیف

کھلاڑیوں کو تینوں ٹی 20 میچز کیلیے چنا جائے گا، وینیو منتخب کرنا پلیئرز کا اختیار نہیں، تھالنگا سماتھی پالا


Sports Desk October 16, 2017
دبئی سے ٹیم کے ہمراہ لاہور جاؤں گا اور پھر کولمبو بھی ساتھ واپس آؤں گا، تھالنگا سماتھی پالا۔ فوٹو: نیٹ

KARACHI: سری لنکن کرکٹ چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی بہترین ٹیم کوپاکستان میں میچ کھیلنے کیلیے بھیج پائیں گے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کو حالیہ سیریز کے تیسرے ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے پاکستان کا سفر کرنا ہے، یہ مقابلہ لاہور میں 29 اکتوبر کو شیڈول ہے، آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن کرکٹ چیف تھالنگا سماتھی پالا نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کو ٹیم بھیجنے کا یقین دلایا تھا تاہم گذشتہ دن سری لنکن کرکٹرز نے اپنے بورڈ کو دورئہ پاکستان پر تحفظات سے آگاہ کرنے کیلیے خط لکھ دیا تھا، اس معاملے پر سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی پیر کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔

گزشتہ روز ویب سائٹ کو انٹرویو میں سری لنکن کرکٹ چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی بہترین ٹیم کوپاکستان میں میچ کھیلنے کیلیے بھیج پائیں گے، ون ڈے سیریز کے بعد ٹوئنٹی 20 سیریز کے دو ابتدائی مقابلے یواے ای ہی میں منعقد ہوں گے تاہم تیسرا اوراختتامی مقابلہ لاہور میں شیڈول ہے۔

آئی لینڈرز کے کرکٹ چیف تھالنگا سماتھی پالا نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم اپنی بہترین ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے، پلیئرز نے سری لنکا کرکٹ سے وینیو تبدیل کرنے کی اپیل ضرور کی ہے، ہم اس معاملے میں پیرکواپنی ایگزیکٹیو کمیٹی میں غور کریں گے ، ہم ان کے تحفظات کو بھی سمجھتے ہیں لیکن یہ ہماری ذمے داری ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کریں۔

سری لنکا کرکٹ چیف آئی سی سی بھی اس مقابلے کیلیے اپنے آفیشلز پاکستان بھیج رہا ہے اور یہ اس بات کا عندیہ ہے کہ وہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریاست کے سربراہان جیسی سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، اس کے علاوہ ہم سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلیے اپنے اسپیشلسٹ کو بھی وہاں بھیج رہے ہیں، یہ تمام کام کرنے کے بعد ہم سیکیورٹی صورتحال پر اپنی حکومت کی ہدایت پر عمل کریں گے، اگر سب کچھ کلیئر رہتا ہے تو مجھے پورا یقین ہے کہ ہم اپنی بہترین ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔

تھالنگا نے مزید کہا کہ ہم اسکواڈ کو تینوں ٹی 20 میچز کیلیے منتخب کریں گے،یہ نہیں ہوسکتا کہ یواے ای میں کوئی اور ٹیم کھیلے جبکہ لاہور میں دوسری ٹیم ایکشن میں دکھائی دے، پلیئرز کو وینیو منتخب نہیں کرنا ہے، میں پارلیمنٹیرین ہوں، ہمارا شیڈول بھی مصروف ہے لیکن اس کے باوجود میں بھی دبئی جانے کا پروگرام بنارہا ہوں جہاں سے میں ٹیم کے ہمراہ لاہور جاؤں گا اور میچ کے اختتام پر ٹیم کے ساتھ ہی کولمبو واپس آؤں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں