خود کو سینئر نہیں سمجھتا تسلسل سے پرفارمنس دینے پر خوش ہوں شعیب ملک
میں سمجھتا ہوں کہ جب آپ ایک ٹیم کیلیے کھیل رہے ہیں تو کوئی سینئر اور جونیئر نہیں ہونا چاہیے، سابق کپتان
سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ اپنے آپ کو سینئر نہیں سمجھتا، تسلسل کے ساتھ پرفارمنس پر بہت خوش ہوں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بی بی سی کو انٹرویو کے دوران ایک سوال پر کہ آپ مستقل مزاجی سے اسکور کررہے ہیں اور سینئر ہونے کا حق ادا کررہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے آپ کو سینئر نہیں سمجھتا، اگر آپ خود کو سینئر سمجھنے لگیں تو ڈریسنگ روم کے ماحول تناؤ آجاتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ جب آپ ایک ٹیم کیلیے کھیل رہے ہیں تو کوئی سینئر اور جونیئر نہیں ہونا چاہیے، اس لیے ٹیم میں میرا انداز سب سے مل جل کر رہنے کا ہے کوئی مشورہ یا بات کرتا تو اس کو مثبت انداز میں بتاتا ہوں، ہاں آپ نے تسلسل کے ساتھ پرفارمنس کی بات کی تو اس پر میں بہت خوش ہوں۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ساتھی، مینجمنٹ اور بالخصوص پی سی بی کی مجھے مکمل سپورٹ حاصل ہے اور اس پر میں مطمئن ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان ٹیم جس طرح سے کامیابیاں حاصل کررہی ہے یہ ایک اچھی علامت ہے۔