ٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پاکستان کی دسترس میں آگئی

سری لنکا پرکلین سوئپ کے ساتھ بھارت کی کیویز پر فتح کیلیے بھی دعا کرنا ہوگی


Sports Desk October 16, 2017
اس وقت رینکنگ میں پہلی پانچ پوزیشنز پر بالترتیب نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور بھارت موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پاکستان کی دسترس میں آگئی، سری لنکا کے خلاف مختصر ترین میں کلین سوئپ کے ساتھ بھارت کی کیویز پر فتح کی دعا کرنا ہوگی۔

بھارتی ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے میں میں اس وقت نمبر ون ہے اور وہ مختصر ترین فارمیٹ میں بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کرنا چاہتی ہے تاہم اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان ٹیم ہے جس کے اپنے پاس مختصر ترین فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع موجود ہے، اگر گرین شرٹس سری لنکا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرتے ہیں اور اس دوران بھارت نیوزی لینڈ کو اتنے ہی میچز کی ہوم سیریز میں 2-1 سے شکست دیتا ہے تو پھر پاکستان نمبر ون بن جائے گا تاہم بھارتی ٹیم پھر بھی پانچویں نمبر پر ہی رہے گی۔

کوہلی الیون کے لیے ٹاپ پر پہنچنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ وہ کیویز کے خلاف تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرے اور گرین شرٹس سری لنکا سے ایک میچ ہار جائیں، اگر پاکستان کلین سوئپ کرلیتا ہے تو پھربھارت کو ٹوئنٹی 20 میں نمبر ون پوزیشن پر قبضے کیلیے رواں برس کے آخر میں سری لنکا کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کا انتظار کرنا پڑے گا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹوئنٹی 20 میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث سیریز 1-1 سے برابر رہی، اس سے کوہلی الیون کی پانچویں پوزیشن میں تو کوئی ردوبدل نہیں ہوا البتہ آسٹریلوی ٹیم ایک درجہ ترقی سے اب چھٹے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔

اس وقت رینکنگ میں پہلی پانچ پوزیشنز پر بالترتیب نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور بھارت موجود ہیں۔ آسٹریلیا چھٹے، جنوبی افریقہ ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے، گیارہویں پوزیشن اسکاٹ لینڈ کی ہے جبکہ زمبابوین ٹیم اس وقت بارہویں نمبر پر ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں