ملتان آتشباری کے گودام میں دھماکے 7 جاں بحق 15 زخمی

ملبے تلے دبے عامر نے فون کرکے ریسکیو کو بتایا،جب نکالا گیا تو دم توڑ چکا تھا، ڈی ایس پی،ایس ایچ او معطل

ملتان میں آتشبازی کا سامان تیار کرنے والے گودام میں دھماکے کے بعدریسکیو اہلکار آگ بجھارہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

ملتان میں آتش بازی کے گودام میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی اور متعدد عمارتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے،گڑ منڈی کے قریب خاتون پروین اور اس کے شوہر ذوالفقار نے اپنی تین منزلہ عمارت میں آتش بازی کے سامان کا گودام بنا رکھا تھا جس میں ان کے پارٹنر دلاور اور پرویز بھی شامل تھے، لاہورکے نوید نامی شخص سے منگوایا گیا سامان ٹرک سے گدھا گاڑی کے ذریعے گودام میں منتقل کیا جارہا تھا۔

ایک بورے میں دھماکے سے آگ لگ گئی ،گودام اور قریبی دکانوں سمیت 6 عمارتیں بھی زمین بوس ہوگئیں، 7 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں گودام مالک ذوالفقار کا 22 سالہ بیٹا عامر اور بیٹی طیبہ شامل ہیں، ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں شروع کر دیں، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جس سے متعدد افراد کچل کر شدید زخمی ہوئے۔


علاقے کے لوگوں اور تاجروں نے واقعہ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پرویز نامی شخص مونگ پھلی کی آڑ میں آتشبازی کا کام کررہا تھا جس میں ذوالفقار وغیرہ اس کے پارٹنر تھے، مرنے والوں میں 45 سالہ دلاور' 50 سالہ پرویز 15 سالہ طیب22 سالہ عامر' 40سالہ اشفاق اور 2 نامعلوم افراد شامل ہیں، گدھا ریڑھی کا مالک اور گدھا بھی مارے گئے ، زخمیوں میں پروین 10 سالہ ذوالقرنین 10 سالہ انس' 11 سالہ سبحان' 29 سالہ زمان' 19 سالہ فیضان' 15 سالہ نامعلوم خاتون دلاور 35 سالہ ایوب' 40 سالہ بانو بی بی 42 سالہ اکبری بی بی' پرویز' محمد نواز وغیرہ شامل ہیں۔

صوبائی وزیر احسان الدین قریشی' ضلعی انتظامیہ کے سربراہ اور مختلف اداروں کے افسران موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی مانیٹرنگ کی۔ جاوید ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء واقعہ کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملبہ تلے دبے عامر نے ریسکیو 1122 کو اپنے فون سے کال کرکے بتایا تھا کہ اس کا دم گھٹ رہا ہے تاہم جب اسے نکالا گیا تو وہ دم توڑ چکا تھا۔ سی پی او عامر ذوالفقار نے سرکل ڈی ایس پی سعادت مہدی اور ایس ایچ او ارشد عباس کو معطل کردیا اور واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مالک گودام پروین بی بی اس کے شوہر ذوالفقار اور دلاور کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس نے ذوالفقار کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم راجہ اشرف پرویز نے آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورا افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔
Load Next Story