کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی خبر بے بنیاد ہے آئی ایس پی آر

پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہوئی اور نہ کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ ہوا، میجر جنرل آصف غفور

افغان علاقےخوست وپکتیا میں امریکی و افغان فورسزکا آپریشن جاری ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے جب کہ کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا اور نہ ہی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہوئی ہے جب کہ حملے کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان کے مطابق افغانستان میں افغان فورسزکی جانب سے پاکستان کی سرحد پر واقع کرم ایجنسی سے متصل افغان علاقوں خوست اور پکتیا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں افغان علاقوں میں کئی فضائی حملے کیے گئے جس میں افغانستان کے ان علاقوں میں دہشت گردوں کے بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک افغان سرحد پر ڈرون حملوں میں 31 افراد ہلاک


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کے دورہ افغانستان کے بعد فورسز کے درمیان تعاون بڑھا ہے جس کی وجہ سے افغان فورسز کی جانب سے اپنی حدود میں کیے جانے والے آپریشن کی اطلاعات پہلے ہی فراہم کردی تھیں۔ ترجمان کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے آپریشن کی بروقت اطلاعات کے باعث پاک فوج بارڈر پر چوکس ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر تعاون اور روابط کے ذریعے دونوں ممالک اپنے مشترکہ دشمن کو شکست دے کر دیرپا امن و استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے غیرملکی خبر ایجنسی (رائٹرز) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرم ایجنسی سے متصل پاک افغان سرحدی علاقے میں 3 امریکی ڈرون حملوں میں 31 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق آج ہونے والے 2 ڈرون حملوں میں 11 جب کہ کل رات والے حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے۔

 
Load Next Story