قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں ڈسپلن کی دھجیاں اڑا دی گئیں 

فی الحال ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے

ٹیموں نے باہر آتے ہوئے روایتی طور پر ہاتھ بھی نہیں ملائے،فوٹو:فائل

لاہور:
قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا اور پشاور کے میچ کے دوران ڈسپلن کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔


ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واپڈا اورپشاور کے میچ میں کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ پڑے، واپڈا کو آخری وکٹ پر فتح کیلیے 4 رنزچاہیے تھے ،محمد عرفان نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے، پشاور کے بولر تاج ولی نے ان کو کریز سے باہر دیکھتے ہوئے بال پھینکنے سے پہلے ہی رن آﺅٹ کر دیا، قانون کے مطابق بیٹسمین آﺅٹ تھے لیکن ٹیموں نے باہر آتے ہوئے روایتی طور پر ہاتھ بھی نہیں ملائے، واپڈا کے کرکٹرز نے مبینہ طور پر دھوکے باز کے آوازے کسے۔

واپڈا کے کرکٹرزکا کہنا تھا کہ پشاور کے کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پشاور کی قیادت عمران خان سینئر کر رہے ہیں، اس موقع پر پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رکن وسیم حیدر بھی موجود تھے۔ فی الحال ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے۔
Load Next Story