پشاور کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام

این اے 4 کے جلسے میں عمران خان ، وزیر اعلی پرویز خٹک نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، پیپلز پارٹی

این اے 4 کی انتخابی مہم میں عمران خان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، پیپلز پارٹی۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی الیکشن کی مہم میں تحریک انصاف پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

پیپلز پارٹی نے پشاور کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔ پی پی پی نے خط میں کہا کہ 13 اکتوبر کو این اے 4 میں ہونے والے جلسے میں عمران خان ، وزیر اعلی پرویز خٹک اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اپنے امیدوار کے لئے ووٹ مانگتے رہے۔ خط میں کہا گیا کہ 13 اکتوبر کا جلسہ قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کے باعث پی ٹی آئی امید وار کو نااہل قرار دیا جائے۔


یہ بھی پڑھیں: این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں 100 الیکٹرونک مشینیں استعمال کرنے کا فیصلہ

علاوہ ازیں تحریک لبیک پاکستان نے این اے 4 کے ضمنی انتخابات میں بھر پور شرکت کا اعلان کردیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر حافظ خادم حسین رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 نومبر کو اسلام آباد سے ختم نبوت لانگ مارچ نکالیں گے۔ این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں ڈاکٹر محمد شفیق امینی تحریک لبیک پاکستان کے امید وار ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 4 پشاور کا ضمنی انتخاب 26 اکتوبر کو ہوگا جس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی مشق کی جائے گی۔
Load Next Story