سرحد پار سے حملے نہ رکنے پر افغان وزیر دفاع و داخلہ نااہل قرار

افغان پارلیمنٹ میں ووٹنگ، 146ارکان نے وزیر دفاع ، 126نے وزیر داخلہ کیخلاف ووٹ دیا

افغان پارلیمنٹ میں ووٹنگ، 146ارکان نے وزیر دفاع ، 126نے وزیر داخلہ کیخلاف ووٹ دیا

ISLAMABAD:
افغان پارلیمنٹ نے سیکیورٹی معاملات اور سرحد پار سے حملوں کے معاملے پر افغان وزیر دفاع اور داخلہ کو نااہل قرار دیدیا ۔ دونوں وزرا کو سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی اور سرحدپار سے حملوں کے معاملے پر افغان پارلیمنٹ نے طلب کیا تھا ۔

افغان پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے بعد سپیکر عبدالرئوف ابراہیمی نے اعلان کیا کہ پارلیمنٹ نے وزیر داخلہ اور دفاع کو ملک بھر میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی اور سرحدپار سے حملوں کے معاملے پر نااہل قرار دیدیا ہے ۔ ایوان میں دونوں وزراء کیخلاف رائے شماری کے دوران 249میں سے228اراکین موجود تھے ۔146 اراکین نے وزیر دفاع جبکہ126نے وزیر داخلہ کیخلاف ووٹ دئے ۔ ابراہیمی نے صدر حامد کزئی سے کہا ہے کہ وہ فوری بنیادوں پر دفاع اور داخلہ کے نئے وزراء منتخب کریں تاکہ وہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں ۔


قبل ازیں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ بسم اللہ محمدی نے بتایا کہ پاکستانی علاقوں سے ملک پر ہونیوالے حملوں کا معاملہ انتہائی سنگین ہو گیا ہے اور ہم اس معاملے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے وزارت دفاع کو تجویز دی کہ وہ اس معاملے سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں فوج کی تعیناتی کو یقینی بنائیں ۔ اراکین پارلیمنٹ نے دوران اجلاس وزیر داخلہ اور دفاع کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغان سرحدی علاقے میں پاکستان سے ہونیوالے حملوں پر دونوں وزراء کی خاموشی باعث تشویش ہے ۔

اے ایف پی کے مطابق صدارتی آفس سے جاری بیان میں تسلیم کیا گیا کہ پارلیمنٹ کو وزراء کو نااہل قرار دینے کا اختیار ہے تاہم آج نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد ایوان صدر اس پر اپنا ردعمل دے گا ۔ توقع ہے کہ نئے وزرا کی نامزدگی تک نااہل ہونے والے دونوں وزراء کام جاری رکھیں گے۔
Load Next Story