گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہ کہا ہے کہ جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس پر انھوں نے خود مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم سیاسی منظرنامہ دیکھتے ہوئے استعفیٰ واپس لیا۔
ڈاکٹر عشرت العباد نجی ایئرلائن کے ذریعے کراچی پہنچے تو ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ جو حالات تھے ان میں کام کرنا مشکل ہو رہا تھا لیکن صوبے اور ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ صوبے کی خدمت کرتا رہوں۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے بات ہوئی جس میں انھوں نے استعفے کی واپسی پر نظر ثانی کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور الطاف حسین کی مکمل تائید حاصل ہے۔
گورنر سندھ کی واپسی کے موقع پر ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے بعد گورنر سندھ 22 فروری کو بیرون ملک روانہ ہوئے تھے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔