وزیراعظم کو امریکی نائب صدر کا فون غیر ملکیوں کی بازیابی پر شکریہ ادا کیا

امریکا خطے میں امن وخوشحالی کے لیے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، مائیک پنس

امریکا خطے میں امن وخوشحالی کے لیے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، مائیک پنس - فوٹو: فائل

امریکی نائب صدر مائیک پنس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کرکے غیر ملکی جوڑے کی بحفاظت بازیابی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق امریکا کے نائب صدر مائیک پنس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے غیر ملکی خاندان کی بحفاظت بازیابی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج ، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

امریکی نائب صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں امن وخوشحالی کے لیے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں ؛بازیاب غیرملکیوں کے والدین پاک فوج کے شکر گزار

اس موقع پر وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے اور امریکا کی جانب سے کسی بھی انٹیلی جنس شیئرنگ پر فوری کارروائی کرے گا۔ وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے بھی غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے پر پاکستانی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو دہشت گردوں کی جانب سے غیرملکی جوڑے کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہا تھا جس پر پاک فوج نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرکے پانچوں غیرملکی یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا تھا جس میں کینیڈین شہری، اس کی امریکی بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔
Load Next Story