قائد اعظم ٹرافی کراچی بلوز نے 10ویں مرتبہ چیمپئن کا تاج سر پر سجالیا

سیالکوٹ کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست، باٹم سکس ٹائٹل فیصل آباد نے جیت لیا، بہاولپور 122 رنز سے ہار گیا

لاہور: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کی فاتح کراچی بلوز کے کھلاڑیوں کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ، فائنل میں سیالکوٹ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ (فوٹو: شہباز ملک)

کراچی بلوز نے فائنل میں سیالکوٹ کو 9 وکٹ سے زیر کرتے ہوئے 10 ویں بار قائد اعظم ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔

ناکام ٹیم میچ کے آخری روز دوسری اننگز میں 248 پر ڈھیر ہوگئی، طارق ہارون 5 وکٹیں لے اڑے، فاتح سائیڈ نے50 رنز کا آسان ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، باٹم سکس فائنل میں فیصل آباد نے بہاولپور کو 122 رنز سے مات دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کامران حسین اور ریحان رفیق کی نصف سنچریاں بھی شکست کو نہ ٹال سکیں۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈ یم میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن میچ میں سیالکو ٹ نے پہلی اننگز میں229 رنز بنائے تھے، جواب میں کراچی بلوز نے اکبر الرحمان کے178 رنز کی بدولت428 اسکور بورڈ کی زینت بناتے ہوئے 199 کی برتری حاصل کی، سیالکوٹ نے5 وکٹ پر 189 رنز کیساتھ چوتھے روز کا اختتام کیا تو اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے مزید 10 رنز درکار تھے۔

میچ کے آخری دن محمد ایوب 57 اور ذیشان مشتاق 2 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر آئے، کراچی بلوز کو چھٹی وکٹ کیلیے تھوڑا انتظار کرنا پڑا،215 کے ٹوٹل پر محمد ایوب کی69 رنز پر مشتمل مزاحمت دم توڑ گئی، انھیں طارق ہارون نے بولڈ کرکے فتح کی راہ میں حائل بڑی دیوار گرادی، صرف 7رنز کے اضافہ پر ذیشان مشتاق بھی 18 رنز پر اس انداز میں طارق ہارو ن کا ایک اور شکار ثابت ہوئے، علی خان کو 4 پر انورعلی نے چلتا کیا، کیچ جاوید منصور کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا۔




بلاول بھٹی نے انور علی کی وکٹ بننے سے قبل 40 گیندوں کا سامنا کرکے18 رنز بنائے، 5 رنز کے اضافہ پر محمد عباس (0) کو آؤٹ کرکے طارق ہارون نے اننگز میں 5 شکار مکمل کیے،کیچ اعظم حسین نے کیا، انور علی اور اکبر الرحمان نے2،2 رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 50 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی بلوز نے واحد نقصا ن اوپنر فخرزمان کا اٹھایا جو24 رنز بنا کر علی خان کی گیند پر محمد ایوب کو کیچ دے بیٹھے، بعد ازاں اکبر الرحمان 10 اور خرم منظور15 رنز پر ناقابل شکست رہے، مین آف دی میچ اکبر الرحمان کو قرار دیا گیا۔ باٹم سکس فائنل میں فیصل آباد نے بہاولپور کو 122 رنز سے مات دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

بہاولپور ٹیم کو فیصل آباد نے دوسری اننگز میں خرم شہزاد کی سنچری کی بدولت 390 رنز بنا کر385 کا مشکل ہدف دیا تھا۔ ناکام سائیڈ نے چوتھے روز کے اختتام تک 136 پر6 وکٹیں گنوا کر اپنی مہم خاصی کمزور کرلی تھی، پانچویں دن ریحان رفیق (58) اور کامران حسین (61) کے درمیان 83 رنز کی شراکت ختم ہونے کے بعد بہاولپور کی مزاحمت دم توڑتی گئی،دونوں کوعمران خالد نے آؤٹ کیا، پوری ٹیم 262 پر ڈھیر ہوگئی، عمران خالد نے4 جبکہ بلال بٹ اورفیصل یاسین نے2،2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story