قومی ون ڈے کراچی ڈولفنز اور لاہور ایگلز میں افتتاحی معرکہ ہوگا

مقابلوں کا5مارچ سے آغاز،2گروپس میں تقسیم 14ٹیمیں 13روز تک برتری کی جنگ لڑیں گی، فائنل یوم پاکستان کو راولپنڈی میں ہوگا


Sports Reporter March 01, 2013
مقابلوں کا5مارچ سے آغاز،2گروپس میں تقسیم 14ٹیمیں 13روز تک برتری کی جنگ لڑیں گی، فائنل یوم پاکستان کو راولپنڈی میں ہوگا۔ فوٹو : فائل

قومی ون ڈے کپ ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، مقابلوں کا آغاز 5 مارچ کو بیک وقت ملک کے مختلف وینیوز پر ہوگا۔

2 گروپس میں تقسیم 14 ٹیمیں 13 روز تک برتری کی جنگ لڑیں گی، بعد ازاں دونوں سیمی فائنلز 20 اور 21 جبکہ فائنل 23 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ون ڈے کرکٹ کپ کے 5 مارچ سے شروع ہونے والے مقابلوں کیلیے شیڈول اور وینیوز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ میں شریک 14 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

گروپ اے میں لاہور ایگلز، کراچی ڈولفنز، سیالکوٹ اسٹالینز، ملتان ٹائیگرز، بہاولپور اسٹیگز، حیدر آباد ہاکس، کوئٹہ بیئرز، گروپ بی میں لاہور لائنز، کراچی زیبراز، اسلام آباد لیپرڈز، راولپنڈی ریمز، فیصل آباد وولفز، پشاور پینتھرز اور ایبٹ آباد فالکنز شامل ہیں۔ مقابلے لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدر آباد، گڑھی خدا بخش، میر پور کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔ افتتاحی روز لاہور ایگلز اور کراچی ڈولفنز کا مقابلہ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں ہوگا، حیدر آباد ہاکس اور کوئٹہ بیئرز شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسٹیڈیم گڑھی خدا بخش جبکہ بہاولپور اسٹیگز اور ملتان ٹائیگرز ملتان اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔



پول بی میں لاہور لائنز اور کراچی زیبراز کا میچ میر پور اسٹیڈیم میں ہو گا، راولپنڈی ریمز اور میزبان اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیموں کا ٹکرائو ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ میں ہونا ہے۔ پشاور پینتھرز کا مقابلہ ایبٹ آباد فالکنز سے میر پور کرکٹ اسٹیڈیم میں رکھا گیا ہے۔ گروپ میچ 17 مارچ کو مکمل ہونے کی بعد دونوں طرف سے سرفہرست ٹیمیں فیصلہ کن مرحلے تک رسائی کیلیے آمنے سامنے ہوں گی۔

گروپ اے کی ٹاپ ٹیم کا سیمی فائنل میچ گروپ بی کی رنراپ سے 20 مارچ کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہو گا، اگلے روز گروپ بی کی سر فہرست سائیڈ گروپ اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم سے نبردآزما ہو گی، اسی وینیو پر فائنل میچ 23 مارچ کو یوم پاکستان پر کھیلا جائے گا۔ تمام مقابلوں کیلیے امپائرز، ریفریز اور اسکوررز کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں