دبئی اوپن جوکو وک اور فیڈرر میں فیصلہ کن جنگ کا ماحول تیار

ہفتے کو فائنل میں ٹکرائو ہوسکتا ہے، رافیل نڈال میکسیکن اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، سارا ایرانی بھی کامیاب


AFP March 01, 2013
ہفتے کو فائنل میں ٹکرائو ہوسکتا ہے، رافیل نڈال میکسیکن اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، سارا ایرانی بھی کامیاب فوٹو: فائل

سربیا کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووک اورعالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈررکا ہفتے کو دبئی اوپن فائنل میں ایک دوسرے کے مد مقابل آنے کا امکان روشن ہوگیا۔

دونوں کوارٹر فائنلز میں جگہ بناچکے ہیں، فیڈرر نے عالمی نمبر 34 اسپین کے مارسیل گرینولرز کو پچھاڑنے میں صرف 71 منٹ لگائے جبکہ جوکووک نے اسپین سے ہی تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 55 روبرٹو بتستا اگٹ کو ٹھکانے لگانے میں 90 منٹ صرف کیے۔ جوکووک نے اپنے حریف کو 6-1, 7-6 (7/4) سے جبکہ فیڈرر نے گرینولرز کو 6-3, 6-4 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

کوارٹر فائنلز میں جوکووک 7 سیڈ اٹالین اینڈرے سیپی سے مقابلہ کریں گے اور فیڈررسابق عالمی نمبر تین نکولے ڈیویڈنکو کے سامنے ہونگے جنھوں نے 6 سیڈ جینکو ٹپساروک کو چیمپئن شپ سے باہر کرنے کے بعد رومانیہ کے وکٹر ہینیسکو کو 6-4, 7-6 (7/4) سے شکست دی تھی۔ سیمی فائنلز میں فیڈرر کا پالا جمہوریہ چیک کے عالمی نمبر 6 ٹوماس برڈچ سے پڑ سکتا ہے جنھوں نے فیڈرر کو دو سال قبل ومبلڈن میں ہرایا تھا۔ ادھر میکسیکو میں جاری میکسیکن اوپن میں عالمی نمبر پانچ اسپین کے رافیل نڈال آسانی سے کوارٹر فائنلز تک پہنچ گئے، انھیں اپنے حریف ارجنٹائن کے کوالیفائیر مارٹن النڈ کو 6-0, 6-4 سے کو شکست دینے میں ایک گھنٹہ 16 منٹ صرف کرنا پڑے۔



اس ٹورنامنٹ میں نڈال اپنے ہم وطن کھلاڑی ڈیوڈ فیرر سے ایک درجہ نیچے یعنی سیکنڈ سیڈ ہیں جو تین مرتبہ اکاپلکو میں دفاعی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ فیرر اور ویمنز دفاعی چیمپئن سارا ایرانی بھی اس کمبائنڈ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ چکے ہیں ۔ 30 سالہ فیرر نے امریکی کوالیفائیروین اودیسنک کو 6-2, 6-1 سے جبکہ اٹلی کی ایرانی نے کینیڈا کی یوجین بوچارڈ کو 7-6 (7/4), 6-2 سے زیر کیا۔ مینز تھرڈ سیڈ اسپین کے نکولس المارگو بھی ہم وطن ٹومی روبریڈو کو 6-4, 7-6 (7/4) سے ہراکر کوارٹرفائنلز میں پہنچ گئے ہیں۔

کوارٹر فائنلز میں فیرر اب اٹلی کے پاؤلو لورینزی کے مد مقابل ہوں گے جنھوں نے اسپین کے پیبلو اندوجر کو 6-4, 6-3 سے پچھاڑا تھا۔ نڈال جو کیریئر کا 38 واں کلے کورٹ ٹائٹل حاصل کرنا چاہتے ہیں ارجنٹائن کے لیونارڈو مائر سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں