گجرات کے انتخابات میں مودی کی مداخلت

نریندر مودی نے ریاست کے لیے اپنے انتخاب کو ’’تعمیر و ترقی اور خاندان‘‘ کے درمیان جنگ کا نام دیا ہے۔


کلدیپ نئیر October 20, 2017

الیکشن کمیشن نے ایسا پہلے کبھی نہیں کیا بلکہ چیف الیکشن کمشنر ٹی این سیشان کے بعد سے کمیشن نے آزاد و خود مختار حیثیت اختیار کر لی اور کمیشن کو ایک ایسا درجہ دیدیا گیا جسے رائے دہندگان نے بہت سراہا۔ لیکن الیکشن کمیشن نے جس انداز سے گجرات کے الیکشن کی تاریخوں میں رد و بدل کیا ہے اس پر بہت سے اعتراضات بھی اٹھے ہیں۔ بعض لوگ تو اس میں وزیراعظم نریندر مودی کا ہاتھ دیکھتے رہے کہ جن کا اپنا تعلق بھی ریاست گجرات سے ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کو کمیشن کی آزادی اور خود مختار حیثیت پر شبہ پیدا ہو گیا ہے۔

گجرات اسمبلی کی مدت 22 جنوری 2018ء کو ختم ہو رہی ہے، جب کہ ہماچل پردیش کی یہ مدت 7 جنوری کو مکمل ہو گی۔ گزشتہ ہفتے چیف الیکشن کمشنر اے کے جیوتی نے صرف ہماچل پردیش کے انتخابات کا اعلان کیا لیکن کسی کو علم نہیں کہ گجرات کے انتخابات کے لیے کن تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ظاہر ہے کہ اس بات سے متنازعہ گفتگو نے جنم لیا جس کو کہ بہتر انتظامی صلاحیت کے ذریعے ٹالا جا سکتا تھا۔ سابقہ چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے درست تبصرہ کیا ہے کہ پہلے تمام ریاستی انتخابات کی تواریخ کا اعلان مشترکہ طور پر کیا جاتا تھا لیکن اب ان تاریخوں کے لیے 6 ماہ کی مدت مقرر کر دی گئی ہے جس سے کہ ''سنجیدہ سوالات'' اٹھ رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جیوتی نے کہا ہے کہ گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام کرنے کے لیے انتخابی تاریخ کو موخر کیا گیا ہے، لیکن ان کی اس وضاحت کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا بلکہ سابق چیف الیکشن کمشنر ٹی ایس کرشنا مورتی نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کے لیے بحالی کا کام سرکاری افسروں کا ہے نہ کہ سیاست دانوں کا لہٰذا ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کا کام کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ اس کی وجہ سے موجودہ منصوبوں پر بھی کوئی اثر نہیں پڑتا۔ بس نئے منصوبوں کا اس دوران اعلان نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایمرجنسی کے دوران ہر ایک کو برابر کی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اور سرکاری اہلکاروں کو ان کے اپنے فرائض کے بارے میں ہدایات جاری کرنے کا کام بھی الیکشن کمیشن کے ذمے ہوتا ہے۔ کرشنا مورتی نے ایک اخباری انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں الیکشن کمیشن کو گجرات اور ہماچل پردیش کے لیے انتخابات کا اعلان اکٹھا ہی کرنا چاہیے تھا یا زیادہ سے زیادہ دونوں میں ایک ہفتے کا فرق ڈالا جا سکتا تھا۔ میں اس بات کا جائزہ نہیں لے رہا کہ اس فیصلے کے پیچھے کونسی قوت کا ہاتھ ہے بلکہ مجھے جس بات کا زیادہ خیال ہے وہ اس فیصلے کی انتظامی اہمیت ہے جسے مقدم رکھا جانا چاہیے۔

سابقہ چیف الیکشن کمشنر کے تبصرے سے انتخابات کے بارے میں ایک سوالیہ نشان پیدا ہو گیا ہے حالانکہ الیکشن کمیشن کو چلانے والے سرکاری اہل کار مرکزی حکومت سے ہدایات لیتے ہیں مگر غلط اور امتیازی فیصلوں سے کمیشن کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر آپ دیکھیں کہ گجرات حکومت نے انتخابی تاریخوں کے بارے میں اندازہ لگا کر کیا اقدامات کیے۔

مقامی میونسپل کمیٹی ڈیڑھ گھنٹے تک مختلف اعلانات کرتی رہی جب کہ وزیراعلیٰ وجے روپانی نے 780 کروڑ روپے کی مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں شری شری روی شنکر کی لاجسٹک سروسز کے تحت دیوالی کی تقریبات منائی جائیں گی اس کے لیے علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ احمد آباد میونسپل کونسل جس نے شہری غریب کلیان میلہ میں 3262 کٹس، چیک اور فنڈز اور بانڈاز کے علاوہ مختلف تحائف اور انعام و اکرام دیے۔

عوام کو دیے جانے والے عمومی تحائف میں سلائی مشینیں' گھریلو استعمال کے برتن' تین پہیوں والی سائیکلیں' ڈیری کی مصنوعات' گلیوں بازاروں میں سودا سلف فروخت کرنے کے لیے ریڑھیاں اور دوسری گھریلو استعمال کی اشیا شامل تھیں۔ مجموعی طور پر 165کروڑ روپے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ جو چیک دیے گئے ان میں اسکول کی لڑکیوں کے لیے 2000 روپے فی کس رکھے گئے جنھیں وجے لکشمی کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرنا تھا جب کہ ایسے والدین کے لیے جن کی دو بچیاں اسکول جاتی تھیں لیکن بعدازاں انھوں نے نس بندی کرا لی ان کو 5000 روپے دیے گئے جب کہ اردو بولنے والے معاشرے کی ترقی کے لیے 50,000 روپے کا فنڈ مختص کیا گیا۔

علاوہ ازیں دوسری ذاتوں میں شادیاں کرنے والوں کے لیے بھی اس فنڈ میں حصہ رکھا گیا۔ مزید برآں 165 ارب اور 75 کروڑ روپے کی رقم شہر میں پینے کے پانی کے منصوبے لگانے کے لیے رکھے گئے۔ یہ پانی دریائے ماہی سے ڈیڑھ کروڑ لٹر روزانہ کے حساب سے فراہم کیا جائے گا۔ سُرساگر کی جھیل کی تزئین و آرائش کے لیے 38کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس مثالی جھیل کی تزئین و آرائش 2012ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے مرکزی اور صوبائی وزراء جن ریاستوں پر حکومت کر رہے ہیں انھوں نے گجرات کی تعمیر و ترقی کو اپنا ماڈل قرار دیتے ہوئے اپنی ریاستوں میں بے شمار ترقیاتی اسکیمیں جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نریندرا مودی نے آیندہ انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا آغاز نہرو گاندھی خاندان پر شدید تنقید اور نکتہ چینی سے کیا۔ انھوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ متذکرہ حکمران خاندان گجرات کو تباہ و برباد کر کے رکھ دے گا کیونکہ وہ گجرات اور گجراتیوں سے نفرت کرتے ہیں۔

نریندر مودی نے ریاست کے لیے اپنے انتخاب کو ''تعمیر و ترقی اور خاندان'' کے درمیان جنگ کا نام دیا ہے۔ ایک پرانا سوال اس موقع پر بھی کھڑا ہو رہا ہے کہ کیا انتخابی کمیشن کا رکن سرکاری ملازمین کو بھی بنایا جانا چاہیے یا نہیں؟ اس سلسلے میں رکاوٹ یہ ہے کہ چونکہ وہ تمام مرکزی حکومت کے ملازم ہیں لہٰذا اپنے افسروں کے اثرورسوخ سے باہر نہیں ہو سکتے۔ اگرچہ سیشان خود ایک بیوروکریٹ تھے لیکن وہ خود ہی اس نظریے کا کو یہ کہہ کر مسترد کرتے ہیں کہ ہر کوئی سیشان نہیں ہو سکتا۔

ہم سب کو یہ بات کبھی نہیں بھولنی چاہیے کہ سابقہ چیف الیکشن کمشنر این گوپال سوامی نے سؤ موٹو نوٹس لے کے صدر مملکت کو ایک سفارش بھیجی کہ الیکشن کمشنر نوین چاؤلہ کو ان کے منصب سے برخاست کر دیا جائے جس سے کہ زبردست سیاسی ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ گوپال سوامی کے اس اقدام سے حکومتی حلقوں میں بھی بہت سے بھویں تن گئیں اور حکومت کو عوام کے موڈ کے مطابق اقدام کرنا پڑا جس کی کہ آئینی شقوں میں اجازت ہے۔ بعدازاں چاؤلہ کو چیف الیکشن کمشنر کے منصب پر ترقی دیدی گئی جب کہ گوپال سوامی نے اس کو عہدے سے ہٹانے کی صدر مملکت کو سفارش کی تھی مگر حکومت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشنر کے خلاف کسی الزام کا ثبوت نہیں ملا لہٰذا انھیں معزول نہیں کیا جا سکتا۔

جہاں تک آئین کا تعلق ہے تو کسی الیکشن کمشنر کو منصب سے ہٹانا کسی شور و غوغا کا متقاضی نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک آئینی عہدہ ہے لہٰذا حکومت کو خود ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کی یک جہتی اور آزادی پر کوئی حرف آتا ہو۔ اور کمیشن کو بھی اس انداز سے کام کرنا چاہیے کہ کسی اختلافی بحث کو ہوا نہ مل سکے۔ اب بھی وقت ہے کہ صورت حال پر قابو پا لیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر گجرات میں انتخابی تاریخوں کا اعلان کر دینا چاہیے۔ وزیراعظم مودی حالات کو سنبھال سکتے ہیں۔ وہ دیکھیں کہ کمیشن فوری طور پر انتخابی تاریخوں کا اعلان کرتا ہے۔ ویسے تو وزیراعظم کو اس معاملے میں غیر ضروری عمل دخل کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔

(ترجمہ: مظہر منہاس)

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں