موجودہ حالات کے ذمے دار وزیراعلیٰ پنجاب ہیںدوست کھوسہ

سپنا خان سے تعلق نہیں‘ حکومت نے میرے خلاف سازش کی، ’’تکرار‘‘ میں عمران خان سے گفتگو

سپنا خان سے تعلق نہیں‘ حکومت نے میرے خلاف سازش کی، ’’تکرار‘‘ میں عمران خان سے گفتگو. فائل فوٹو

سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ نے کہاہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔ نوازشریف کو چند لوگوں نے یرغمال بنا کر گھر میں بٹھا دیا ہے۔ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں، 4سال میں کسی ورکر کو عزت نہیں دی گئی۔ مسلم لیگ کسی کی وراثت نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں اینکر پرسن عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہم4سال سے چیخ رہے تھے پارٹی کے لوگوں کو منظم اور مشاورت کریں، وفادار ساتھیوں پر توجہ دیں مگر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ میرے والد نے کئی مرتبہ شریف برادران سے بات کی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انکو شاید وفاداروں کی ضرورت نہیں رہی اوراب تو حد ہوچکی ہے۔ موجودہ حالات میں اللہ کرے پنجاب میں مسلم لیگ کی پھر حکومت بن سکے۔


چند ماہ تک میں تحریک انصاف کو کسی کھاتے میں نہیں سمجھتا تھا لیکن آج گلی گلی عمران خان کے پوسٹر لگے ہیں، پنجاب حکومت کی نالائقی کی وجہ سے تحریک انصاف اگر الیکشن بنانے میں کامیاب نہیں ہوگی تو بگاڑنے میں کامیاب ضرور ہوگی۔ نوازشریف سامنے آئیں تو عوام ان کو عزت دیں گے۔ میں نے شہبازشریف کو کہاتھا کہ مشرف کی کہانی کو ختم کرنے کیلئے ان کے ساتھیوں کو ساتھ ملائیں اس وقت میری بات نہیں مانی اور بعد میں انہی لوگوں کو ساتھ ملانا شروع کردیا۔

ن لیگ کے تمام فیصلے ایک شخص کے گرد گھومتے ہیں، یوتھ ونگ اپنے گھر میں، صوبے اپنے گھر میں، خواتین ونگ اپنے گھر میں، پتہ نہیں یہ کیا تاثر دینا چاہتے ہیں۔ سپنا خان سے میرا کوئی تعلق نہیں، میں زیبا خان کو جانتا ہوں، وہ میری بیوی ہے اور ان کے گھر والے بتا سکتے ہیں کہ وہ کہاں ہیں، حکومت نے اپنی نالائقیاں چھپانے کیلئے سپنا کیس کا مقدمہ بنا کر میرے خلاف سازش کی ۔

کھوسہ فیملی اور شریف برادران کے درمیان اختلافات کی بڑی وجہ ڈاکٹر توقیر شاہ ہیں، وہ مخلص ورکروں کے خلاف شہباز شریف کو بھڑکاتے ہیں،کھوسہ اور شریف فیملیزکے تعلقات کا فیصلہ نوازشریف نے کرنا ہے، وہ شہباز شریف کو رکھ لیں اور اگلے الیکشن کے نتائج سب حقیقت کھول کر رکھ دیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story