خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

مرحوم والد کے ساتھ بچہ دکھائی دینا
منظور حسین... لاہور
خواب:۔ میری بہن نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے والد سفید شلوار قمیض میں ہیں اور ان کے کندھوں پر ایک چادر ہے، لیکن چہرے سے کافی پریشان لگتے ہیں اور ان کے ساتھ ایک بچہ بھی ہے۔ ہمیشہ خواب میں ان کے ساتھ ایک بچہ لازمی ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے میری بہن بہت پریشان ہے۔ ہم کو کیا کرنا چاہئے؟ ہمارے والد ہم سے بہت پیار کرتے تھے اور کافی مدد گار تھے لوگوں کے لئے۔
تعبیر:۔ آپ سب بہن بھائی اپنے والد کے لئے ایصال ثواب کا اہتمام کرتے رہا کریں۔ مرحوم والدین کا اولاد پر حق بھی ہے کہ وہ ان کے لئے ایصال ثواب کریں۔ تمام متعلقین کو خاص طور پر اہتمام کرتے رہنا چاہئے۔ اس خواب سے اشارہ ہوتا ہے کہ جیسے کسی حق کی ادائیگی میں کوتاہی ہو رہی ہے۔ کوشش کریں کہ تمام معاملات دوبارہ سے دیکھے جائیں اور ہر چیز کو درست کرلیا جائے۔ گھر والے نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

سرخ رنگ کا اونٹ
توقیر بیگ...شہر کانام نہیں لکھا
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں ہوں اور وہاں رات کا اندھیرا ہے اور میرے علاوہ کوئی دفتر میں موجود نہیں مگر ایک سرخ رنگ کا اونٹ ادھر کھڑا ہوتا ہے۔ میں بہت حیران ہو کر اس کو دیکھتا ہوں اور اچانک وہ میرے پیچھے بھاگنا شروع کر دیتا ہے۔ اس سے بچنے کے لئے میں بھی بھاگتا ہوں اور اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ بالکل یہی خواب میں پہلے بھی کئی دفعہ دیکھ چکا ہوں۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی کم ظرف دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرسکتا ہے۔ کاروبار میں بھی رکاوٹ اور بندش ہوسکتی ہے اور کوئی پریشانی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ آپ کے مال و وسائل بھی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں، جس سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحیی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے دعا کرا دی جائے گی۔

کھلا برسلیٹ
ناہید سلطانہ... گوجرانوالہ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک موٹا سا برسلیٹ پہنے ہوئی ہوں اور اسے دیکھ دیکھ کر خوش ہورہی ہوں، مگر وہ مجھے کچھ ڈھیلا ہے۔ اس کے باوجود میں اسے پہنے ہی مارکیٹ چلی جاتی ہوں اور میرے ساتھ میری ساس اور دیورانی بھی ہیں۔ میری ساس گھر سے نکلنے سے پہلے مجھے کہتی بھی ہیں کہ مت پہن کر نکلو کھلا ہے گر نہ جائے مگر مجھے ان کی اس بات پہ غصہ آتا ہے اور میں جان بوجھ کر پہن کرجاتی ہوں۔ پھر راستے میں کہیں وہ گر جاتا ہے اور میں کافی جگہ تلاش کرتی ہوں اور دل ہی دل میں اپنی ساس پہ شبہ کرتی ہوں کہ انہوں نے تو کہیں اٹھا کر نہیں چھپا دیا؟ اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ خواب یہ ظاہر کرتا ہے کہ خدا نہ کرے کوئی پریشانی خوف یا غم پیش آسکتا ہے۔ آپ کے عزت و وقار میں کمی ہوسکتی ہے۔ گھر اور کاروبار میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یاحیی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گھر میں ہرن کا آنا
ذکیہ انصاری... گوجرانوالہ
خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے میاں گھر میں بچوں کے لیے ہرن لے کر آئے ہیں ۔ ہم سب اس کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور سارے بچے اس کے لیے کھانے پینے کا بندوبست کرنے لگ جاتے ہیں یعنی اس کے آنے سے گھر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔
تعبیر:۔اچھا خواب ہے، آرام و راحت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ کی فضل و کرم سے مال و وسائل میں اضافہ ہو گا۔ کسی خوش خبری کی طرف دلیل کرتا ہے۔ جس کام کو کریں گے اللہ تعالیٰ اس کا انجام بخیر کریں گے، آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔کسی بھی منگل یا ہفتہ کو شکر یا کوئی زدرکپڑا ظہر کی نماز کے بعد صدقہ کردیں۔

مری ہوئی بلی
عظمیٰ شاہ ... لاہور
خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ ایک کالی بلی ہے جو کہ مجھے بستر کے نیچے نظر آتی ہے۔ ایک نظر میں لگتا تھا کہ جیسے مری ہوئی ہے مگر کچھ دیر بعد وہ اٹھ گئی اور میرے آس پاس گھومنے لگی۔ میں کافی خوفزدہ تھی کیوں کہ وہ کسی کو میرے پاس نہیں آنے دے رہی تھی جو بھی آتا اس کو مار بھگاتی، میرے ذہن میں مسلسل یہی خیالات تھے کہ یہ کوئی روح ہے جو مری ہوئی بلی میں گھس آئی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی، غم یا خوف مسلط ہوسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ پریشان نہ ہوں نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار کریں اور صدقہ و خیرات بھی کریں۔

امتحان میں فیل ہونا
روبینہ طور...لاہور
خواب:۔ میں دیکھتی ہوں کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھائی کررہی ہوتی ہوں کہ میری دوست کا فون آتا ہے کہ میں کیمسٹری کے امتحان میں فیل ہو گئی ہوں، یہ سن کر میں بہت پریشان ہوتی ہوں اور رونا شروع کردیتی ہوںکہ اب گھر والوں کو کیسے بتا پاؤں گی۔
تعبیر:۔ بیٹی! ضروری نہیں کہ ہر خواب کی تعبیر ہو بہت سے خواب دن بھر کی سوچوں کا نتیجہ ہوتے ہیں آپ دل لگا کر پڑھائی کریں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو کام میں لائیں اور نتیجہ اللہ پہ چھوڑ دیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور روزانہ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنالیں۔ آپکے لیے دعا بھی کرادی جائے گی۔

مختصر جوابات
زاہد حنیف...لاہور
برائے مہربانی فلمیں کم دیکھا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں، یہ خواب غط خیالات کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔
اسماء کرن...لاہور
آپکا خواب نہیں شائع کیا جارہا ۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ گھر میں سب لوگوں کا صدقہ دیں اور سب بکثرت استغفار کی ورد کیا کریں سب لوگ روزانہ تلاوت قرآن پاک کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی لازمی کریں۔
احمد فاروق...کامونکی
آپ کا خواب سعد ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ دشمنوں پر غلبہ ہو گا۔
عطیہ رحمان...لاہور
آپ کا خواب ٹھیک طرح سے سمجھ نہیں آ رہا، شائد تحریر ٹھیک نہیں، لہذا آپ دوبارہ خواب تحریر کرکے ہمارے پتہ پر جوابی لفافے کے ساتھ بھجوا دیں۔
زوہا شیخ...لاہور
ماشاء اللہ بہت سعد خواب ہے۔ اللہ کی مہربانی سے بے اولادی اگر ہے تو صاحب اولاد ہونے کی طرف اشارہ ہے مال و مسائل میں برکت ہو گی، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
ابراہیم علی... بحریر ٹاؤن
اچھا خواب ہے اور امتحان میں کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
اقراء منصور...گوجرانوالہ
آپ کثرت سے استغفار کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔
ماریہ قبیطہ...لاہور
پریشانی کی بات نہیں انشاء اللہ سب کچھ بہتر ہی ہو گا، بس آپ روزانہ باترجمہ تلاوت قرآن کا اہتمام کیا کریں اور پرندوں کو باجرہ ڈالا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |