جدید ٹیکنالوجی سے فلمسازی میں مثبت تبدیلی آئی ہے مدیحہ شاہ

میوزک اور حقیقت کے قریب اداکاری کے بغیر فلم بینوں کو سینماآنے کے لیے مجبور کرنا ممکن نہیں، اداکارہ


Qaiser Iftikhar October 20, 2017
سینئرز کی صلاحیتوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو ہماری فلم انڈسٹری کو فائدہ ہوگا’’ ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان فلم انڈسٹری پر برسوں راج کرنے والی معروف اداکارہ مدیحہ شاہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فلمسازی کے شعبے میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔

مدیحہ شاہ نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، یہ زندگی کا حصہ ہے مگر ضروری یہ ہے کہ ہم اپنی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے ان سے سیکھیں۔ فارمولا فلموں کا دور گزر چکا ہے۔ اب پاکستان میں جدید طرز کے سینما گھر بن چکے ہیں اور ان میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح فلمسازی کے شعبے میں جہاں کارپوریٹ سیکٹر دلچسپی لے رہا ہے، وہیں غیرملکی سرمایہ کاروں کے علاوہ معروف فلم میکرز بھی ایک مرتبہ پھر سے میدان میں اتر آئے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اس موقع کو ضائع کرنے کے بجائے بڑے سوچ و بچار کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاشبہ نوجوان نسل بہت ہی اچھے انداز سے فلم میکنگ کے شعبے میں آئی ہے اور بہتر کام ہونے لگا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ درست سمت میں کام کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔

ایک سوال کے جواب میں مدیحہ شاہ نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو تمام عمر دینے والے فنکار اور تکنیکار اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔ یہ وہ انمول لوگ ہیں جنہوں نے سرمائے اور جدید ٹیکنالوجی کی شدید کمی کے باوجود ایسی شاہکار فلمیں بنائیں جن کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں۔ اگر ان انمول لوگوں کی صلاحیتوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ استعمال میں لایا جائے تو اس کا فائدہ ہماری فلم کوہی ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں