خاتون ہاکی پلیئر نے کوچ پر ہراساں کرنے کا الزام دھر دیا

کمرے میں بند رکھا، شورمچانے پر چھوڑا، سعدیہ شاہ نے وزیر کھیل کو خط لکھ دیا


Sports Reporter October 20, 2017
چیلنج ہاکی میں منتخب نہ ہونے پر کردار کشی کی گئی ، تمام پلیئرز بیٹیوں کی طرح ہیں، سعید۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ویمنز ہاکی ٹیم کی کھلاڑی نے کوچ پر ہراساں اور تشدد کرنے کا الزام عائد کردیا۔

ویمنز ہاکی ٹیم کی کھلاڑی سعدیہ شاہ نے صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ کو خط میں کہا ہے کہ کوچ سعید خان نے انھیں ہراساں کیا،کمرے میں بند رکھا، دوپٹے سے منہ اور ہاتھ باندھنے کی کوشش کی اور شور مچانے پر چھوڑ دیا، متاثرہ پلیئر نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے الزام دہرایا اور انصاف دینے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کسی کیساتھ ایسا واقعہ نہ ہو۔

دوسری جانب سابق اولپمئن کا کہنا ہے کہ سعدیہ کو برونائی میں شیڈول ویمنز چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا جس کے بعد وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں، کسی کو ہراساں نہیں کیا جو ڈانٹ ڈپٹ کی وہ سب کے سامنے کی۔ انھوں نے کہا کہ تمام پلیئرز میری بچیوں کی طرح اور الزامات بے بنیاد ہیں، سعدیہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے باوجود 2دن تک منتخب کھلاڑیوں کے ساتھ رکی رہیں، ڈنر پر انھیں دیکھ کر سرزنش کی تو الزامات پر اتر آئی ہیں، میرے کردار سے تمام پلیئرز واقف ہیں۔ ان میں کوئی بھی کہہ دے کہ میں نے کبھی کسی کیساتھ بدسلوکی کی ہے تو جو سزا دی جائے قبول کروں گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ونگ کی سیکریٹری تنزیلہ عامر چیمہ نے کہا کہ میں خود تقریب میں موجود تھی، پلیئرز کو ڈنر میں نے ہی دیا تھا، سعید خان نے پوچھا تھا کہ گھر کیوں نہیں گئیں؟والدین ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہی اپنی بیٹیوں کو کھیلنے کیلیے بھجواتے ہیں، سعدیہ باصلاحیت ہے، گزشتہ ٹور میں ٹیم کیساتھ تھی، اس بار سلیکٹرز نے بہتر پلیئرکومنتخب کرلیا تو دلبرداشتہ ہوئی، سلیکشن پر اعتراض اٹھادیتی تو الگ بات تھی لیکن اس نے کردار پر سوال اٹھاکر بڑی بات کردی، یہ بہت گھٹیا حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے واقعے کی چشم دید گواہ ہوں، اس لیے کمیٹی بنانے کی ضرورت نہیں، معاملہ پی ایچ ایف حکام کے علم میں لایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس واقعہ کے پیچھے سیاست بھی کارفرما ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں