بلدیہ عظمیٰ نے کراچی میں جائیداد کی لیز پر پابندی لگادی

جائیداد کی خرید و فروخت نہیں کی جاسکے گی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا


Staff Reporter March 01, 2013
گزشتہ3ماہ کے دوران دی جانے والی لیزکی بھی تمام تفصیلات طلب کرلی گئیں. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے ادارے کے زیرکنٹرول تمام اراضی کی لیزپر پابندی عائدکردی ہے اس حکمنامے کے بعد کراچی کے اکثریتی علاقے میں زمین کی خریدو فروخت بند ہوجائے گی جبکہ بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے کراچی میں ہر نوعیت کے سائن بورڈ کے اجازت ناموں کے اجرا پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

باخبرذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے ایکسپریس کوبتایا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے میونسپل کمشنر کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کے ایم سی لینڈ ،کے ڈی اے لینڈ ، سرجانی ٹاؤن پروجیکٹ ، اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ اور کچی آبادی ڈپارٹمنٹ کے ماتحت ہر نوعیت کی جائیداد کی لیز پر پابندی عائدکردی ہے اس فیصلے کا اطلاق خالی اراضی سمیت رہائشی ، تجارتی ، صنعتی سمیت تمام کیڈر کے پلاٹوں پر ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ اس فیصلے سے کراچی کے وسیع علاقے جن میں گلشن اقبال ، لانڈھی ، کورنگی ، شاہ فیصل ملیر ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، اسکیم33 ، فیڈرل بی ایریا ، نارتھ کراچی ، نئی کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد ، پی ای سی ایچ ایس ، جمشید ٹاؤن ، محمود آباد ، قیوم آباد ، کلفٹن، طارق روڈ ، اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر علاقے شامل ہیں وہاں پرجائیداد کی خریدوفروخت بند ہوجائے گی جبکہ شہرکی کچی آبادیوں کی لیز بھی بند ہوجائے گی ۔

10

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں جاری کردہ حکمنامے میں بلدیہ عظمیٰ کے تحت گزشتہ تین ماہ کے دوران دی جانے والی لیز کی بھی تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں اگرچہ اس سلسلے میں جاری کردہ حکمنامے میں اس فیصلے کی وجوہات نہیں لکھی گئی ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بعض شکایات سامنے آنے کے باعث کی گیا ہے کہ ادارے میں جعلی لیز ہورہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے اپنے ایک دوسرے حکمنامے میں کراچی میں ہر نوعیت کے سائن بورڈ ، پول سائن ، پرائیویٹ سائٹ سمیت دیگر محکمہ لوکل ٹیکسز کی طرف سے جاری کیے جانے والے تمام اجازت ناموں کے اجرا پر مکمل پابندی عائدکردی ہے اور محکمہ لوکل ٹیکسز میں تین ماہ کے دوران دیے جانے والے تمام اجازت ناموں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں