فلم ’’ارتھ ‘‘کا ٹریلرریلیز شان کی جانداراداکاری نے دل جیت لیے

فلم ’’ارتھ‘‘ میں شان شاہد، حمائمہ ملک، عظمیٰ حسن اور محب مرزا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے


ویب ڈیسک October 21, 2017
ٹریلر میں تمام فنکاروں کی جاندار اداکاری کی چھوٹی سی جھلک نے واضح کردیا کہ یہ عالمی سطح کی فلم ہے۔ فوٹوفائل

پاکستانی سپراسٹار شان شاہد اور حمائمہ ملک کی فلم ''ارتھ ''کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا جس میں کہانی کو جاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

نامور پاکستانی اداکار شان شاہد کی فلم ''ارتھ ''کا انتظاران کے چاہنے والے بے صبری سے کررہے تھے، اس فلم کے ذریعے شان طویل عرصے بعد فلموں میں واپسی کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں سمیت شوبزسے وابستہ تمام افراد کو اس فلم کا بے صبری سےانتظار تھا۔ اب یہ انتظار ختم ہوا۔ گزشتہ روز فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہےاور بلا شبہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ ٹریلربھارتی فلم کے ٹریلر سے کسی بھی طرح کم نہیں۔



اداکار شان شاہد پاکستان شوبز انڈسٹری کا وہ ہیرا ہیں جن کی چمک کبھی ماند نہیں پڑتی، شان کردار میں ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں۔ٹریلر میں ان کی اور فلم میں شامل تمام فنکاروں کی جانداراداکاری کی چھوٹی سی جھلک نے واضح کردیا کہ یہ فلم انٹرنیشنل لیول پر بنائی گئی ہے۔



فلم ''ارتھ'' دراصل 1982 میں ریلیز کی گئی بھارتی فلم ''ارتھ'' کا پاکستانی ورژن ہے، فلم ''ارتھ'' کے خالق مہیش بھٹ تھے جب کہ فلم میں مرکزی کردار شبانہ اعظمی، سمیتا پاٹیل، راج کرن اور کل بھوشن کھربندا نے ادا کئے تھے۔ پاکستانی فلم ''ارتھ '' میں شان شاہد، حمائمہ ملک، عظمیٰ حسن اور محب مرزا نےمرکزی کردارنبھایا ہے۔ ٹریلر میں تمام اداکاروں کی پرفارمنس کو بھرپورانداز میں پیش کیاگیاہے۔



تقریباً 3 منٹ پر مشتمل ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کافی حد تک سمجھ میں آجاتی ہے۔ فلم چارمختلف پیشوں سے وابستہ افراد کی ناکامیوں، کامیابیوں اوران کی ازدواجی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کے گرد گھومتی ہے۔ ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ لگانا قطعی مشکل نہیں کہ چاروں اداکاروں نے اپنے اپنے کرداروں سے مکمل انصاف کیا ہے۔ فلم کی زیادہ ترشوٹنگ پاکستان میں ہوئی ہے لیکن کہانی کی ڈیمانڈ کے مطابق برطانیہ میں بھی فلم کی عکسبندی کی گئی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ حمائمہ ملک نے اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر فنکار یہ خواہش کرتا ہے کہ اس کے کیرئیر کے دوران کچھ ایسا کام ضرور ہو جو اس کی پہچان بن جائے اور لوگ برسوں اسے اس کردار کے حوالے سے یاد رکھیں لہٰذاجب اداکار شان نے مجھے یہ کردار پیش کیا تو میں نے فوراً اس فلم کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔



اداکار شان مہیش بھٹ کی فلم ''ارتھ'' سے اتنے زیادہ متاثر تھے کہ 2015 میں انہوں نے مہیش بھٹ سے ملاقات کے دوران فلم ''ارتھ'' کا پاکستانی ری میک بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور مہیش بھٹ نے انہیں بلا معاوضہ ری میک بنانے کی اجازت دے دی تھی۔



واضح رہے کہ فلم کی کہانی جدید دور کے مطابق ڈھالی گئی ہے، موجودہ دور کے شائقین کو مدنظررکھتے ہوئے فلم کا پس منظر 2017 کے مطابق ترتیب دیاگیا ہے۔ اداکار شان سمیت فلم میں شامل تمام اداکاروں کی محنت اور جانداراداکاری سے بھرپور فلم ''ارتھ ''رواں سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

https://www.youtube.com/watch?v=jrwSBY74RQU

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |