سب سے زیادہ لوٹ مار سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہوئی عمران خان

اس وقت سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے، چئیرمین تحریک انصاف


Numainda Express/ October 21, 2017
اس وقت سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے، چئیرمین تحریک انصاف : فوٹو : فائل

لاہور: پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے جن کا سب سے زیادہ پیسہ چوری کیا گیا۔



عمران خان نے سیہون جلسے کے سلسلے میں اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے، سب سے زیادہ پیسہ سندھ کے لوگوں کا چوری ہوکر باہر گیا ہے، سندھ کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے میں سیہون میں ایک اہم پیغام دوںگا، سندھ میں ظلم ہے لاقانونیت ہے چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں دیا جاتا۔ انھوں نے کہاکہ سندھ کے لوگوں کو ہم اپنا پیغام بتانے آرہے ہیں۔



دوسری جانب تحریک انصاف کے آج سیہون میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، آج شام چیئرمین تحریک انصاف سیہون میں عوام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پی ٹی آئی سندھ کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی، سندھ کے صوبائی سینئر ایگزیکٹو نائب صدر حلیم عادل شیخ ، سردار یار محمد رند و دیگر رہنما سیہون پہنچے جہاں پی ٹی آئی کے عہدے داروں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد پارٹی رہنمائوں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمرکوٹ کا جلسہ کامیاب جلسہ، عوام کا سمندر شامل تھا، عوام نے پیپلزپارٹی کو مسترد کردیا ہے، پی پی کے حیدرآبادجلسے سے زیادہ عوام تو عمرکوٹ کے جلسے میں تھی، عوام اپنی مرضی سے ہمارے جلسوں میں آتے ہیں جبکہ پی پی والے پیسے دے کر بلاتے ہیں، ہمارے مقابلے میں پی پی والے عمرکوٹ کے تاریخی ثقافتی ورثہ میں جلسہ کر رہے ہیں جس سے عمرکوٹ کے تاریخی قلعہ کے مسمار ہونے کے خدشات ہیں، سندھ کی تاریخ سے کھلواڑ کرنے پر ہم مذمت کرتے ہیں۔



تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ویسٹ کی جانب سے میٹروویل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے بتایاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین سندھ کے 4 روزہ دورے پراتوارکو کراچی پہنچیں گے۔ عمران خان پارٹی معاملات، سندھ میں ہونے والے جلسے اور تاجروں صنعتکاروں اور بلدیہ فیکٹری کے متاثرین کے ورثا سے ملاقات کریںگے۔ انھوں نے کہاکہ عمران خان 24اکتوبر کو ورکرز کنونشن سے خطاب کریںگے جبکہ کراچی کی 2 بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیاسی جھنڈے کی پرچم کی کشائی بھی کریںگے۔

علاوہ ازیں عمران خان سے سابق صوبائی وزیر فرید طوفان نے بنی گالہ میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عمران خان نے فرید طوفان کو جنوبی اضلاع میں تحریک انصاف کو مزید مضبوط کرنے اور اے این پی کے ووٹ بینک کو توڑنے کا ٹاسک دیا۔ عمران خان نے کہاکہ فرید طوفان کو پارٹی میں شامل کرنے کی وجہ یہی ہے کہ وہ حکومتوں میں رہنے اور وزارتیں سنبھالنے کے باوجود نیٹ اینڈ کلین ہیں۔ فرید طوفان کرک میں جلسے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں