بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا ہاکی کپ کے فائنل سے باہر کردیا

 فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کا سامنا رہا


Sports Reporter October 21, 2017
فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کا سامنا رہا ۔ فوٹو : ایشین ہاکی فیڈریشن

بھارت نے پاکستان کو فیصلہ کن میچ میں ہرا کر ایشیا ہاکی کپ کے فائنل سے باہر کردیا۔

بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے ابتدائی2 کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ 39ویں منٹ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف عمدہ موو بنائی اور ستبیر سنگھ کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

آخری کوارٹر میں بلیوز شرٹس نے یکے بعد دیگرے 3 گول کر کے پاکستانی ٹیم کے میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کردیئے، یہ گول رمنپریت سنگھ اور للت اوپڈے نے میچ کے 51ویں اور 52ویں منٹوں میں کئے۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول گجرنت سنگھ نے کھیل ختم ہونے کے صرف 3 منٹ قبل کیا۔ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسرآئے لیکن فاروڈز ان سنہری مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں پاکستان کی رسائی کے امکانات معدوم

یاد رہے اس سے قبل ایشیا کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے زیر کیا تھا۔پاکستانی ٹیم تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ اتوار کو کھیلے گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ دوپہر 2 بجے کھیلا جائے گا، ایشیا کپ کا فائنل بھی اسی روز شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں