نجی کمپنی ریلوے کے ٹکٹ زائد قیمت پر بیچنے لگی

وزارت ریلوے نے 2 ماہ قبل کرائے 30فیصد گرائے، ایجنسی 21 فیصد مہنگا ٹکٹ دے رہی ہے


Ehtisham Mufti October 22, 2017
چائلڈ ٹکٹ پر50 کے بجائے 30 فیصد، بزرگوں کیلیے رعایت ختم، وزیر ریلوے سے نوٹس پر زور۔ فوٹو : فائل

نجی کمپنی کی بکنگ ایجنسیاں پاکستان ریلوے کے مقررہ کرایوں سے 21 فیصد زائد قیمت پر ٹکٹیں دے رہی ہیں۔

وفاقی وزارت ریلوے کی جانب سے 2 ماہ قبل کرایوں میں 30 فیصد کمی کے باوجود حویلیاں ہری پور ایبٹ آباد مانسہرہ بٹل بٹگرام کی عوام سے علاقے میں قائم نجی کمپنی میسرزایس جمیل اینڈ کمپنی کی بکنگ ایجنسیاں پاکستان ریلوے کے مقررہ کرایوں سے 21 فیصد زائد قیمت پر ٹکٹیں دے رہی ہیں جبکہ بچوں کے ٹکٹوں پر مقررہ 50 فیصد کے بجائے صرف 30 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔

نجی ریلوے بکنگ ایجنسی کے ملازم نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ یہاں سے عمررسیدہ افراد کو پاکستان ریلوے کی جانب سے دی جانے والی 30 فیصدرعایت کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ نجی کمپنی کی ہزارہ میں بکنگ ایجنسی ہزارہ ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس اورفریدایکسپریس کے ٹکٹوں کی بکنگ کرتی ہے۔

پاکستان ریلوے کی ویب سائٹ پر ہزارہ ایکسپریس کا حویلیاں تا کراچی کا اکنامی کلاس برتھ کے ساتھ کرایہ1340 روپے اور بچے کا نصف مقرر ہے لیکن مذکورہ ایجنسی فی برتھ 1620 روپے جبکہ فی چائلڈ 1120 روپے کرایہ وصول کررہی ہے، اسی طرح شالیمار ایکسپریس اورفریدایکسپریس کے لاہور تاکراچی اکنامی کلاس اور لویئراے سی کے مقررہ کرایوں سے 21 فیصد زائد قیمتوں پر ٹکٹوں کا اجرا کیاجارہاہے۔

ہزارہ ڈویڑن کی عوام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ہزارہ میں قائم ریلوے کی ایجنسیاں مقررہ کرایوں کے مطابق عوام کو ٹکٹیں فروخت کرتی تھیں لیکن اگست 2016 سے مذکورہ نجی کمپنی کو ٹھیکہ ملنے کے بعد انہیں مقررہ کرایوں سے زائد قیمتوں پر ٹکٹس جاری کیے جا رہے ہیں جس پر وفاقی وزیر ریلوے کو تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریلوے بکنگ ایجنسیوں کی لوٹ مار کاخاتمہ ہوسکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں