ہاکی ورلڈ کپ میں چین نے پہلی بار کوالیفائی کرلیا

چین جگہ بنانے والا 15واں ملک بنا، جنوبی کوریا 19برس بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا


Sports Desk October 23, 2017
ورلڈ ٹرافی کیلیے میلہ آئندہ برس بھارت میں28 نومبر سے 16 دسمبر تک سجے گا۔ فوٹو: نیٹ

چین نے پہلی بار ہاکی ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرلیا جبکہ جنوبی کوریا 19 برس بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

ہاکی ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ مرحلے میں جنوبی کوریا اور ملائیشیا کا اختتامی لیگ میچ 1-1 سے برابر رہ جانے پر چین کو آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع میسر آگیا، چینی ٹیم نے پہلی بار عالمی ایونٹ میں رسائی حاصل کی ہے، اس کی توثیق گذشتہ دن ورلڈ ہاکی باڈی ' ایف آئی ایچ ' نے بھی کردی۔

ادھر جنوبی کورین ٹیم 1998 کے بعد سے منعقد ہونیوالے تمام ورلڈ کپس میں شریک رہی ہے لیکن اب وہ پہلی بار باہر بیٹھے گی،رواں برس اگست میں لندن میں منعقدہ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں چین نے جنوبی کوریا سے ایک درجے بہتری پر اختتام کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن پائی تھی۔

ایف آئی ایچ قواعد کے تحت ایشیا سے یہ پوزیشن اس ٹیم کو ملنی تھی جو بہتر پوزیشن پر رہی اس طرح چین نے ورلڈ لیگ کی ساتویں پوزیشن کی بنیاد پر میگا ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرلیا، جنوبی کوریا ٹائٹل جیتنے پر ورلڈ کپ میں جگہ بناسکتا تھا لیکن ملائیشیا سے ڈرا میچ کے بعد اس کا امکان ختم ہوگیا تھا، جس پر ملائیشیا نے ڈھاکا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں بعد میں اسے بھارت سے شکست ہوگئی۔

چین ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والا 15واں ملک بن گیا،ان سے قبل ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، کینیڈا، انگلینڈ، جرمنی، آئرلینڈ، ملائیشیا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، اسپین، فرانس اور میزبان بھارت کی بھی جگہ یقینی ہے، میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اس کی آخری شریک ٹیم کا فیصلہ افریقہ سے ہوگا، جہاں ٹورنامنٹ 22 سے 29 اکتوبر تک شیڈول ہے۔ورلڈ کپ آئندہ برس بھارتی شہر بھوبنیشور میں 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کالنگا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں