پی ایس ایل 3 میں چینی پلیئرز کو سیکھنے کا موقع میسر

دونوں انٹرنیشنل کرکٹر میچ نہیں کھیلیں گے، صلاحیتیوں کو نکھارتے رہیں گے

پشاور زلمی میں جی آنگ لی اور یوفی زینگ کی شمولیت۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن پشاور زلمی نے اگلے سال ہونے والے سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اپنی ٹیم میں چین کے 2 کرکٹرز کو شامل کیا ہے۔


پشاور زلمی میں جی آنگ لی اور یوفی زینگ کی شمولیت کے حوالے سے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بتایا کہ ان دونوں چینی کرکٹرز کی گرومنگ یعنی ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کی تربیت کی جائے گی، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں یہ دونوں کھلاڑی کوئی میچ نہیں کھیلیں گے، ان کو تربیت دی جائے گی، یہ دونوں کھلاڑی چین کی کرکٹ ٹیم کے انٹرنیشنل کرکٹرز ہیں اور ان دونوں نے نیشنل ٹیم کی نمائندگی کی ہوئی ہے۔


جاوید آفریدی نے کہاکہ ان دونوں کھلاڑیوں کے انٹرنیشنل کرکٹ میں اعداد و شمار تو اچھے نہیں ہیں لیکن یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ چین میں کرکٹ کتنی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ چین چاہتا ہے کہ کرکٹ کو فروغ دیا جائے اور اس کوشش میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اورایشیا کرکٹ کونسل بھی شریک ہے، انھوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کا حصہ بن کر پاکستان سپر لیگ میں کھیلنا ان دونوں کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بہت بڑا موقع ہے، آپ یہ دیکھیں کہ جب ڈیرن سیمی جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ وہ ڈریسنگ روم میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔



پشاور زلمی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ زلمی میں شمولیت کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کی کوچنگ پشاور زلمی کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو زلمی کی ٹیم کا حصہ بنانا پبلسٹی اسٹنٹ نہیں ہے، ورلڈ کلاس کرکٹرز کے ساتھ نیٹس پر اور ڈریسنگ روم میں رہ کر جی آنگ لی اور یوفی زینگ بہت کچھ سیکھیں گے اور یہی پہلا قدم ہے۔


جی آنگ لی 3 جولائی 1992 کو پیدا ہوئے، وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور میڈیم پیسر ہیں، کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انھوں نے اپنا آخری میچ چین کی جانب سے جنوبی کوریا کے خلاف کھیلا تھا، یہ ٹی ٹوئنٹی میچ 29 ستمبر 2014 کو کھیلا گیا تھا جس میں جی آنگ لی نے 15 رنز اسکور کیے تھے اور بولنگ نہیں کرائی تھی، جی آنگ نے چین اور چین کی انڈر 19 ٹیموں کی نمائندگی کی ہوئی ہے۔


پشاور زلمی میں شامل ہونیوالے دوسرے چینی کرکٹر 17 جنوری 1992 میں پیدا ہوئے، وہ چین کی کرکٹ ٹیم اور چین کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، یوفی زینگ بھی دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور میڈیم فاسٹ بولر ہیں، جی آنگ لی کی طرح انھوں نے بھی اپنا آخری میچ جنوبی کوریا کیخلاف 29 ستمبر 2014 کو کھیلا تھا، اس میچ میں انھوں نے 6 رنز اسکور کیے اور بولنگ میں بغیر کسی وکٹ کے 22 رنز دیے تھے، ان کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور 61 رنز ہے جو انھوں نے 8 جولائی 2011 کو کوالا لمپور میں کویت کیخلاف ایک روزہ میچ میں بنایا تھا، اس میچ میں یوفی نے 135 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔


جاوید آفریدی نے کا کہنا تھا کہ چین کیساتھ تعاون صرف سائنس، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی حد تک نہیں ہے، پشاور زلمی چین میں کرکٹرز کی تربیت کرنے کے علاوہ ان کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جس کے ذریعے وہ اپنا ٹیلنٹ سامنے لاسکیں۔

Load Next Story