عرفان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پرحکومت سے جواب طلب
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا
Sports Reporter |
October 23, 2017
قومی کرکٹر محمد عرفان کی جانب سے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلیے دائر کی گئی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے 2 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کرکٹر کی جانب سے درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسپاٹ کیس میں ملوث پائے جانے پر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ محمد عرفان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ فاسٹ بولر پی سی بی ڈسپلنری پینل کی جانب سے دی گئی سزا مکمل کر چکے ہیں تاہم ابھی تک ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔
پیسر کے وکیل نے بتایا کہ محمد عرفان عمرہ کی ادائیگی کیلیے جانا چاہتے ہیں لہٰذا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلیے عدالت وزارت داخلہ کو حکم صادر کرے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے معاملہ پر جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔