نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا سینیٹ میں بل منظور

ترمیمی بل کےحق میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اورمسلم لیگ (ق) کےارکان نے ووٹ دیا


ویب ڈیسک October 23, 2017
ترمیمی بل کےحق میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اورمسلم لیگ (ق) کےارکان نے ووٹ دیا . فوٹو : فائل

MAINZ: سینیٹ نے الیکشن بل کی شق 203 میں ترمیم سے متعلق اپوزیشن کا پیش کردہ بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے جس کے تحت نااہل قرار دیا گیا شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا۔


چیرمین رضا ربانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے شبلی فراز نے اپوزیشن کی جانب سے الیکشن بل کی شق 203 میں ترمیم کا بل پیش کیا، ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شق 203 میں ترمیم کے ذریعے ایک نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا سربراہ ہونے کی اجازت دی گئی، یہ شق عدالتی فیصلے کی تضحیک تھی۔ اس لئے ایوان بالا اس بل کو منظور کرے تاکہ کوئی بھی نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہ بن سکے۔ حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے ترمیمی بل کی مخالفت کی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن غیر آئینی کام کررہی ہے۔



چیرمین سینیٹ نے بل پیش کرنے کی تحریک میں رائے شماری کرائی تو فیصلہ 21 کے مقابلے میں 46 ووٹوں سے اپوزیشن کے حق میں آیا بعد ازاں ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور ہوگیا۔ ترمیمی بل کے حق میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کے ارکان نے ووٹ دیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے الیکشن بل کی شق 203 میں ترمیم کرائی تھی جس کے بعد نواز شریف ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے صدر بن گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں