محمد حفیظ سے آل راؤنڈر کا اسٹیٹس پھر چھن جانے کا خطرہ

 آف اسپنر کے بولنگ ایکشن کا بائیومکینک ٹیسٹ یکم نومبر کو انگلینڈ میں ہوگا


Sports Reporter October 25, 2017
حفیظ کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز پایا گیا تو وہ ایک بار پھر پابندی کی زد میں آ جائیں گے۔ فوٹو: پی سی بی

آل راؤنڈر محمد حفیظ سے آل راؤنڈر کا اسٹیٹس پھر چھن جانے کا خطرہ بڑھ گیا۔

محمد حفیظ بولنگ ایکشن کا بائیومکینک ٹیسٹ یکم نومبر کو انگلینڈ میں ہوگا، ناکامی کی صورت میں وہ پھر پابندی کی زد میں آ جائیں گے۔ سری لنکا سے ون ڈے سیریزکے ابوظبی میں18اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ میں امپائر نے آف اسپنر کے بولنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ کی تھی، قواعد کے مطابق 14 روز میں ایکشن کی جانچ آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکینک لیب میں ہونا ہے، جس کیلیے انگلینڈ کی لیب نامزد کر دی گئی۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلے بھی 2بار رپورٹ ہو چکا ہے، نومبر 2014 میں ابوظبی میں ہی نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ میچ کے دوران امپائر کی رپورٹ کے بعد دسمبر میں انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا، اس وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد کے بجائے 31 پایا گیا تھا، جنوری 2015 میں انھوں نے غیر رسمی ٹیسٹ کرایا تو بھی مسائل برقرار تھے۔

اپریل 2015 میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں ٹیسٹ کے بعد حفیظ کا ایکشن کلیئر قرار دیا گیا، اس کے بعد جون میں سری لنکا سے گال ٹیسٹ کے دوران دوبارہ وہ شکوک کی زد میں آئے، جولائی 2015 میں ان پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی گئی، یہ مدت مکمل ہونے کے بعد انھوں نے نومبر 2016میں ٹیسٹ کلیئر کرلیا اور دوبارہ بولنگ کرنے کی اجازت مل گئی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ میں یکم نومبر کو ٹیسٹ میں بھی اگرمحمد حفیظ کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز پایا گیا تو وہ ایک بار پھر پابندی کی زد میں آ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں