روس نے شام میں کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی قرارداد ویٹو کردی

روس نے شام میں اپنے حلیف بشار الاسد کی حمایت میں سلامتی کونسل میں یہ نویں قرارداد ویٹو کی ہے۔

قرارداد میں کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی مدت میں توسیع کی بات کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

روس نے اقوام متحدہ میں شام میں کیمیائی حملوں سے متعلق قرارداد کو ویٹو کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روس نے شام کی جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
قرارداد میں کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی مدت میں توسیع کی بات کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر ویسلے نیبینزیا نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے کی گئی تحقیقات جانبدار ہیں جس کی کسی صورت حمایت نہیں کی جاسکتی۔


یہ بھی پڑھیں: ادلب میں کیمیائی حملہ، بچوں سمیت 58 افراد ہلاک

واضح رہے کہ روس نے اپنے حلیف بشار الاسد کی حمایت کرتے ہوئے سلامتی کونسل میں یہ نویں قرارداد ویٹو کی ہے۔ رائے شماری میں 11 ملکوں نے تحقیقات میں ایک سال کی توسیع کی حمایت کی۔ روس اور بولیویا نے اس اقدام کے خلاف ووٹ دیا،جب کہ چین اور قزاقستان ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے۔
اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کل جمعرات کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ رپورٹ میں ادلب میں باغیوں کے علاقے خان شیخون پر کیمیائی حملے کے ذمے دار کی نشاندہی کی جائے گی۔ یہ حملہ مبینہ طور پر شامی حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔
Load Next Story