ضرب عضب اور ردالفساد امریکا کے لیے نہیں ہماری نسلوں کے لیے ہے وزیر داخلہ

حکومت چلانا کمپنی یا فوج کا کوئی یونٹ چلانا نہیں ہے اس میں مشکلات ہوتی ہیں، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک October 25, 2017
حکومت چلانا کمپنی یا فوج کا کوئی یونٹ چلانا نہیں ہے اس میں مشکلات ہوتی ہیں، وزیر داخلہ۔ فوٹو:فائل

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بڑھ کر دہشت گردی کا مخالف کوئی نہیں ہے جب کہ ضرب عضب اور ردالفساد امریکا کے لیے نہیں بلکہ ہماری نسلوں کے لیے ہے اور ہم وہ کام کریں گے جو پاکستان کے لیے بہتر ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج صوبوں میں سی پیک سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور21 نومبر کو 7ویں جے سی سی اجلاس سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، جے سی سی اجلاس میں نئے منصوبوں کی منظوری دی جائے گی جب کہ آئندہ مراحل میں انڈسٹریل منصوبوں کے حوالے سے بھی لائحہ عمل جاری ہے۔ چین کے ماہرین نے انڈسٹریل زونز کے حوالے سے پاکستانی ماہرین سے ملاقات کر کے اپنے تجربات شیئر کیے ہیں،85 ملین ملازمتیں چین سے ایشیا اور افریقا منتقل ہو رہی ہیں، یہ ہمارے لیے خوش آئند ہے اس سے ملک میں بے روزگاری ختم ہوگی جب کہ نجی کمپنیوں اور اداروں کو بھی سی پیک میں شامل کرنے کے لیے سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گوادر کے منصوبوں کا جائزہ لیا ہے اور کام کی رفتار کو بڑھانے کے لیے چین حکام کو زور دیا ہے، آئندہ ماہ گوادر میں 330 میگا واٹ منصوبے کی گراونڈ بریکنگ وزیر اعظم کریں گے جب کہ گرین لائن کا منصوبہ مئی 2018 تک مکمل کر لیں گے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کرکٹر بہت اچھے ہیں مگر لیڈر نہیں بن سکتے، کوئی کھلاڑی لیگ کھیلے بغیر ٹیسٹ کرکٹر نہیں بن سکتا اور جب بھی دنیا میں اناڑی سیاست دان آیا ہے وہ ناکام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چلانا کمپنی یا فوج کا کوئی یونٹ چلانا نہیں ہے، حکومت چلانے میں مشکلات ہوتی ہے جہاں آپ اپنی ٹیم نہیں بنا سکتے جب کہ جو سوئنگ گیند کرانا ہی جانتا ہو وہ نظام کو کیسے آگے چلائے گا جب کہ 2013 سے 2017 تک جو کامیابیاں ملی ہیں وہ تجربہ کار ٹیم کی بدولت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ختم نبوت پرکوئی تنازع اور تقسیم نہیں ہے،جس کا ختم نبوت پر ایمان نہیں وہ مسلمان نہیں ہے جب کہ مذہبی جماعتیں اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ کے مطابق مظاہرہ کرنے کا حق رکھتی ہیں تاہم وفاقی دارالحکومت کو امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی،مذہبی جماعتوں سے مشاورت کے لیے سعد رفیق، طلال چوہدری اور طارق فضل پر مشتمل کمیٹی بنائی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جو امن اور معیشت ہے اس پر پاکستان کو سب سے زیادہ تشویش ہے، پاکستان سے بڑھ کر دہشت گردی کا مخالف کوئی نہیں ہے، ہم پر امن پاکستان چاہتے ہیں، ضرب عضب اور ردالفساد امریکا کے لیے نہیں بلکہ ہماری نسلوں کے لیے ہے جب کہ ہم وہ کام کریں گے جو پاکستان کے لیے بہتر ہے۔ نواز شریف کے وطن واپسی کے حوالے سے سوال کےجواب میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے ہیں تاہم جلد پاکستان آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں