سنگاپوردنیا کا طاقتورترین پاسپورٹ رکھنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا

دنیا میں طاقتور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں جرمنی دوسرے جب کہ سوئیڈن اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر تیسرے نمبرپر ہیں


ویب ڈیسک October 25, 2017
پیراگوئے کی جانب سے سنگاپور سے ویزا پابندی ختم کرنے کے بعد ویزا فری ممالک کی فہرست میں سنگاپور پہلے نمبر پر آگیا۔ فوٹو: فائل

سنگاپور دنیا میں طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں پہلا ایشیائی ملک بن گیا۔

دنیا بھر کے ممالک کی پہچان ان کے پاسپورٹ سے ہی ہوتی ہے اور کسی بھی ملک کے پاسپورٹ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ملک کا باشندہ ویزے کے بغیر کتنے ممالک کا دورہ کرسکتا ہے اور اس میں سرفہرست رہنے کا اعزاز اب تک یورپین ممالک کو ہی حاصل تھا لیکن تاریخ میں پہلی بار کوئی ایشیائی ملک یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کا دوسرا نمبر

پاسپورٹ انڈیکس رینکنگ کی عالمی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 2 سال تک جرمنی کو دنیا کا طاقتور پاسپورٹ رکھنے کا اعزاز حاصل تھا مگر اب سنگاپور نے صرف ایک پوائنٹ سے جرمنی سے یہ اعزاز چھینتے ہوئے اسے نیچے دھکیل دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حال ہی میں جنوبی امریکا کے ملک پیراگوئے نے سنگاپور سے ویزا پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد ویزا فری ممالک کی فہرست میں سنگاپور 159 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہوگیا یعنی سنگاپور کے شہری پاسپورٹس رکھنے والے 159 ممالک میں بغیر ویزہ کے جاسکتے ہیں جب کہ جرمنی 158 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔



دنیا میں طاقتور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں جرمنی کے بعد سوئیڈن اور جنوبی کوریا 157،157 کے ساتھ تیسرے جب کہ ڈنمارک، فن لینڈ، اٹلی، فرانس، اسپین، ناروے، جاپان، برطانیہ 156 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ لگسمبرگ، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ، بیلجیئم، آسٹریا اور پرتگال 155 پوائںٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد امریکی پاسپورٹ دن بدن نیچے آرہا ہے اور امریکی شہری اب 154 ممالک میں بغیر ویزے کے جاسکتے ہیں جب کہ امریکا کے ساتھ چھٹے نمبر پر ملائیشیا، آئرلینڈ اور کینیڈا موجود ہیں۔


دوسری جانب سنگاپور کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایشیائی ملک طاقتور پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں سرفہرست ہوا اور یہ سنگاپور کے سفارتی تعلقات اور موثر غیر ملکی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے افغانستان کا شمار دنیا میں کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں ہوتا ہے اور اس کے شہری صرف 22 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کرسکتے ہیں جب کہ اس کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے جس کا ویزہ اسکور 26 ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔