این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے میدان مارلیا

تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر نے 45 ہزار 631 ووٹ حاصل کیے۔

تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر نے 44 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے۔فوٹو: سوشل میڈیا

قومی اسمبلی کی نشست این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر نے میدان مارلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاورمیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی بھی مکمل ہوگئی ہے اور 269 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر واضح برتری سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے امیدوار نے 45 ہزار 631 ووٹ لیے ہیں جب کہ اے این پی کے خوشدل خان 24 ہزار 830 ووٹ لے کر دوسرے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر خان 24 ہزار 790 ووٹ کے ساتھ تیسرے اور پیپلزپارٹی کے اسد گلزار 13 ہزار 200 ووٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پشاور میں پہلی بار ٹرانسمیشن سسٹم استعمال کیا گیا جس کے باعث نتائج فوری آئے جب کہ پریذائڈنگ افسروں کو اینڈرائیڈ موبائل دیے گئے، موبائل ایپ کے ذریعے عملے کے پاس نتیجہ فوری پہنچ جاتا ہے۔




ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیرمین تحریک انصاف نے اپنے امیدوار کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں کامیابی پوری اپوزیشن کے خلاف فتح ہے جب کہ جیت پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ارباب عامر، اے این پی کے خوشدل خان، مسلم لیگ (ن) کے ناصر خان موسیٰ زئی اور پیپلز پارٹی کے اسد گلزار سمیت کل 14 امید وار میدان میں تھے۔

ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 3 لاکھ 98 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 269 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے۔ پولنگ کے دوران امیدواروں اور ووٹرز کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، لوگ کھلے عام ہتھیار لے کر پولنگ اسٹیشن میں پھرتے رہے جب کہ ووٹرز کی جانب سے موبائل فون کا بھی بھر پور استعمال کیا گیا لیکن پولنگ اسٹیشنز پر موجود عملے نے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

Load Next Story