دھابیجی پر بجلی فالٹ شہر کو 10 کروڑ گیلن پانی سپلائی نہ ہوسکا

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں کیبل فالٹ کے باعث 16 گھنٹے بجلی بند رہی،کروڑوں گیلن پانی کی فراہمی نہ ہونے سے شہر میں پانی۔۔۔


Staff Reporter March 03, 2013
6 موٹریں بند ہوئیں، ٹرانسفارمر کی مرمت، صبح 11 بجے فیز ٹو اور کے تھری سسٹم بحال، فیز تھری رات کو بحال ہوگیا، کل تک صورتحال بہتر ہوجائیگی، واٹر بورڈ افسران۔ فوٹو: فائل

محکمہ نکاسی وفراہمی آب کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں کیبل فالٹ کے باعث 16 گھنٹے بجلی بند رہی جس سے کراچی میں ہفتہ کو 10کروڑ گیلن پانی فراہم نہ کیا جاسکا اور شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت رہی۔

واٹر بورڈ کے متعلقہ افسران کے مطابق صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور پانی کی فراہمی کل تک بحال ہوجائے گی، تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کے اہم ترین پمپنگ اسٹیشن جو دھابیجی پر واقع ہے میں ہفتہ کی صبح 6 بجے کیبل فالٹ کے باعث گریٹر کراچی بلک سپلائی کے فیز ٹو ، فیز تھری اور کے تھری سسٹم کی 6 موٹریں بند ہوگئیں، ہر موٹر 10کروڑ گیلن پانی شہر کو فراہم کرتی ہے ، واضح رہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو 55 کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

واٹر بورڈ الیکٹریکل اور مکینیکل ونگ کے مطابق کے ای ایس سی کے عملے نے ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے صبح 11 بجے گریٹر کراچی بلک سپلائی کے فیز ٹو اور کے تھری سسٹم کی بجلی بحال کردی تھی تاہم فیز تھری کی بجلی رات کو بحال کی گئی، بلک واٹر سپلائی کے افسران نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 22 موٹریں بجلی سے جبکہ 2 موٹریں ڈیزل سے چلائی جاتی ہیں، بجلی کی بندش سے 6 موٹروں کا آپریشن متاثر رہا جبکہ دیگر مشینیں حسب معمول کام کرتی رہیں، صبح 11 بجے کراچی بلک سپلائی کے فیز ٹو اور کے تھری سسٹم کی بجلی بحال ہونے کے بعد ان سسٹمز سے پانی کی فراہمی بھی بحال کردی گئی جبکہ فیز تھری سے بھی رات کو پانی کی فراہمی بحال کردی گئی تھی۔

2

متعلقہ افسران نے بتایا کہ ہفتہ کو مجموعی طور پر 10کروڑ گیلن پانی شہر کو فراہم نہیں کیا جاسکا جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی قلت رہی تاہم کل تک فراہمی آب کی صورتحال بہتر ہوجائے گی،ذرائع نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن ہفتہ کو اپنی مکمل استعداد کے ساتھ کام نہ کرسکا جس کے باعث گلشن اقبال، لانڈھی ملیر، عزیز آباد، شریف آباد، گلبرگ، لیاری، پی آئی بی کالونی، محمودآباد، بلوچ کالونی، منطور کالونی، ڈیفنس، کلفٹن اور دیگر رہائشی وصنعتی علاقوں میں پانی کی قلت رہی۔

ذرائع نے کہا کہ قلت آب کی صورتحال کل تک جاری رہے گی، متعلقہ افسران نے بتایا کہ واٹر بورڈ کے بلک سسٹم پر بجلی کا بریک ڈاؤن بہت کم ہوتا ہے تاہم ہفتہ کو کیبل فالٹ کی وجہ سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی پانچ سے 16 گھنٹے بند رہی، فیز ٹو اور کے تھری سسٹم پر 5 گھنٹے بجلی بندرہی، کے ای ایس سی کے عملے نے بروقت آکر ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے واٹر بورڈ کے دونوں سسٹم کی بجلی11بجے صبح بحال کردی جبکہ گریٹر کراچی بلک سپلائی کے فیز تھری کی بجلی رات 9 بجے بحال کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں