دوسرا ٹی 20 پاکستان نے ٹرافی کا خواب آنکھوں میں سجا لیا

پہلامیچ بارش کی نذرہونے سے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا منصوبہ ترک کرنا پڑ گیا،ناقدین اچھے نتائج کا انتظارکریں، محمد حفیظ

نوجوانوں کے ساتھ کچھ خاص کر دکھانا چاہتے ہیں (پروٹیز کوچ) بوندا باندی کے سبب پچ پر کورز موجود،آج بارش کا20 فیصد امکان، میچ میں شائقین کی بھرپور دلچسپی۔ فوٹو : فائل

MIRANSHAH:
پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کی فاتح ٹرافی پانے کا خواب آنکھوں میں سجا لیا۔

دوسرا مقابلہ اتوار کو سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں ہوگا، ڈربن کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد جو ٹیم فاتح رہی اسی کو ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا موقع ملے گا، مختصر طرز کی کرکٹ کیلیے طلب کیے گئے پلیئرز بشمول شاہدآفریدی، شعیب ملک اور اکمل برادرز نیٹ پر کھیل کر اکتا گئے اور اب ایکشن میں آنے کیلیے بے چین ہیں، کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا منصوبہ ترک کرنا پڑ گیا، مجھے فارم میں واپسی کیلیے صرف ایک اچھی اننگز درکار ہے، سیریز ابھی ختم نہیں ہوئی ناقدین اچھے نتائج کا انتظار کریں ، ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ آئندہ سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل تجربات کرنا چاہتا ہے، پہلے میچ میں تو موسم نے اجازت نہ دی،البتہ کوچ رسل ڈومنگو پُرامید ہیں کہ دوسرے مقابلے میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے، ان کا کہنا ہے کہ نئے پلیئرز کے ساتھ کچھ خاص کر دکھا کے ٹیسٹ ٹیم کی برابری اور اپنی علیحدہ شناخت بنانا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا سنچورین کا موسم خوشگوار اور ہفتے کو بوندا باندی کے سبب پچ پر کورز موجود رہے،اتوار کو بارش کا صرف 20 فیصد امکان ہے، البتہ آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، شائقین ٹی ٹوئنٹی کی دو بڑی ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں، اسی لیے میچ کی بیشتر ٹکٹیں فروخت ہو چکیں، آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے اتوار کو فتح کے ذریعے ٹرافی پر قبضے کا خواب دیکھنا شروع کر دیا، محدود اوورز کے اسپیشلسٹ پاکستانی کھلاڑی شاہدآفریدی، شعیب ملک، عمر اور کامران اکمل اب تک صرف نیٹ میں ہی صلاحیتیں آزما پائے ہیں، انھیں ایکشن میں نظر آنے کا شدت سے انتظار ہے، کامیابی کی صورت میں ٹیم ٹیسٹ شکست کا کچھ ازالہ کر پائے گی،کپتان محمد حفیظ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلا میچ نہ ہونے سے مایوسی ہوئی مگر موسم کے سامنے کسی کا بھی بس نہیں چل سکتا،ہم مستقبل کے مدنظر نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے تھے مگر اب چونکہ صرف ایک میچ باقی رہ گیا اس لیے منصوبہ تبدیل کرنا پڑ رہا ہے۔




ون ڈے سیریز سے قبل اچھی شروعات چاہتے ہیں اس لیے مضبوط اسکواڈ کو میدان میں اتاریں گے، انفرادی کارکردگی کے حوالے سے آل رائونڈر نے کہا کہ میں بھی اچھا کھیل پیش نہ کرنے پر مایوس ہوں،کوشش ہے کہ جلد فارم میں واپس آ جائوں اس کیلیے صرف ایک اچھی اننگز درکار ہے۔ کپتان نے کہا کہ دورئہ جنوبی افریقہ میں اب تک ہماری کارکردگی خراب ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی۔

ہم میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی ہے مگر سیریز ابھی ختم نہیں ہوئی ناقدین کو اچھے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے، ایک سوال پر حفیظ نے کہا کہ گوکہ ہم جیت نہیں رہے مگر میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں، تمام کھلاڑی ڈسپلن کی مکمل پابندی کرتے ہوئے کچھ کر دکھانے کیلیے پُرعزم ہیں، جنید خان سمیت سب فٹ اور میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے ابھی سے نگاہیں ورلڈکپ پر مرکوز کی ہوئی ہیں، اسی کے مدنظر تجربات کا سلسلہ جاری ہے، اتوار کے میچ میں بھی کئی نئے کھلاڑی جلوہ گر ہوں گے، کوچ رسل ڈومنگو نے کہا کہ پہلا میچ نہ ہونے کے باوجود ہمارے پلیئرز نے ایک ساتھ وقت گذار کرمفید تجربہ حاصل کیا، گوکہ ابھی کافی کام باقی ہے مگر تشکیل نو کی بنیاد رکھی جا چکی، ہم نئے پلیئرز کے ساتھ کچھ خاص کر دکھا کر ٹیسٹ ٹیم کی برابری اور اپنی علیحدہ شناخت بنانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ہر میچ ہماری منصوبہ بندی میں اہمیت کا حاصل ہے، آئندہ سال ہونے والا میگا ایونٹ اب صرف 13 میچز کی دوری پر رہ گیا، یقیناً اس دوران ہم کچھ غلطیاں بھی کریں گے لیکن پلیئرز کا حاصل شدہ تجربہ بنگلہ دیش میں شیڈول ٹورنامنٹ کے دوران کام آئے گا۔ دریں اثنا سنچورین میں موسم خوشگوار اور ہفتے کو بوندا باندی بھی ہوئی، مین پچ پر اسی وجہ سے کورز ڈال دیے گئے تھے، اتوار کو بادل تو چھائے رہیں گے البتہ بارش کا امکان صرف 20 فیصد ہی ہے، پچ گوکہ بیٹنگ کیلیے سازگار البتہ ابتدا میں پیسرز نمی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، میچ کیلیے شائقین میں خاصا جوش وخروش پایا جاتا ہے اور بیشتر ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
Load Next Story