میکسیکو اوپن نڈال کو ٹائٹل کیلئے فیرر کا چیلنج درپیش

ویمنز فائنل میں ساراایرانی اور کارلا سوریز میں معرکہ آرائی ہوگی، برازیل اوپن میں وینس ولیمز کو شکست، ٹرافی کیلیے۔۔۔


AFP March 03, 2013
ویمنز فائنل میں ساراایرانی اور کارلا سوریز میں معرکہ آرائی ہوگی، برازیل اوپن میں وینس ولیمز کو شکست، ٹرافی کیلیے اولگا اور مونیکا میں ٹکراؤ ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال اور دفاعی چیمپئن ڈیوڈ فیرر میکسیکو اوپن فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ سارا ایرانی اور کارلا سوریز ناوارو ویمنز فائنلز میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔

ادھر فلوریانوپولس ، برازیل میں ڈبلیو ٹی اے برازیل کپ کے فائنل میں روس کی اولگا پشکووا اور رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو ٹائٹل حاصل کرنے کیلیے جدوجہد کریں گی۔ میکسیکو اوپن سیمی فائنل میں 26 سالہ نڈال نے جو اپنے کیریئر کا 52 واں اے ٹی پی ٹور ٹائٹل حاصل کرنا چاہتے ہیں اپنے ہموطن کھلاڑی نکولس المارگو کو ایک گھنٹہ 48 منٹ میں 7-5, 6-4سے زیر کیا۔ گھٹنے کی انجری کے سبب سات ماہ سے زیادہ کھیل سے دور رہنے والے نڈال اب لگاتار تیسرے فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

آٹھ سال قبل نڈال نے اپنے پہلے ہی میچ میں ٹائٹل جیتا تھا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ ٹاپ سیڈ فیرر سے ہے جنھوں نے تھری سیٹس پر مشتمل سیمی فائنل میں اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو 6-3, 6-7 (5/7), 6-1 سے ہرایا۔ فوگنینی کو پچھاڑنے کیلیے فیررکو تین گھنٹے 33 منٹ تک مقابلہ کرنا پڑا۔ فتح کے بعد 30 سالہ فیرر مسلسل چوتھی مرتبہ میکیسیکن اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں اور اب ٹورنامنٹ میں 19ویں مسلسل جیت کی جستجو میں ہیں۔ ایونٹ میں انکی فتوحات کا تناسب 22-3 ہے جبکہ نڈال فیرر کیخلاف 16-4 کیریئر ریکارڈ رکھتے ہیں جس میں کلے پر ان کا تناسب 13-1 ہے۔

فیرر کی نڈال کیخلاف واحد کلے کورٹ جیت اسٹٹ گارڈ جرمنی میں 2004 میں ہوئی تھی۔ ویمنز سیمی فائنلز میں اٹلی کی ٹاپ سیڈ سارا ایرانی فرانس کی الیزے کورنیٹ کو 6-2, 6-1 سے پچھاڑ کر فائنل میں پہنچی ہیں جہاں وہ اسپین کی کارلا سواریز نواروسے پنجہ آزمائی کریں گی جنھوں نے اپنی ہم وطن کھلاڑی سلویا سولر ایسپیونزا کو ایرانی کی طرح دوسیٹس 6-2, 6-1 سے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ مقابلہ ایک گھنٹہ آٹھ منٹ تک جاری رہا۔



فلوریانوپولس ، برازیل میں ڈبلیو ٹی اے برازیل کپ کے سیمی فائنلز میں عالمی نمبر 109 روس کی اولگا پشکووا نے ایک سیٹ ہارنے کے باوجود سخت جدوجہد کے بعد امریکا کی ٹاپ سیڈ وینس ولیمز کو 4-6, 6-4, 7-5 سے شکست دی۔ 25 سالہ پشکوواجو 2006 میں کولکتا اور کیوبیک سٹی میں رنر اپ رہ چکی ہیں فائنل میں رومانیہ کی مونیکا نکولیسکوسے مقابلہ کریں گی۔ سیمی فائنل میں نکولیسکو نے فرانس کی سات سیڈ کرسٹینا ملاڈینووک کو 6-0, 6-2 سے زیر کیا تھا۔

دریں اثنا ٹاپ سیڈ جان اسنراور سابق چیمپئن ٹومی ہاس نے اے ٹی پی ٹور کے ڈیلرے بیچ ٹینس چیمپئن شپ سیمی فائنلز میں جگہ بنالی ہے۔ اسنر نے دفاعی چیمپئن کیون اینڈرسن کے ہاتھوں اسی چیمپئن شپ میں شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔ اینڈرسن نے اسنر کو گذشتہ سال سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل بھی جیت لیا تھا۔ اب اسنر اینڈرسن کے ساتھ اپنے کیریئر کے 8مقابلوں میں سے پانچ جیت چکے ہیں۔

اسنر نے جنوبی افریقہ کے اینڈرسن کوان چار کوارٹر فائنلز میں سے ایک میں زیر کیا جن میں چیمپئن شپ کے تین سابق فاتح حصہ لے رہے تھے۔ انھوں نے اینڈرسن کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2, 7-6 (7/1) سے زیر کیا۔ سیمی فائنل میں اسنر کا مقابلہ فرانس کے ایڈورڈ راجر ویسیلن سے ہوگا جنھوں نے ریکارڈاز بیرانکس کو 6-4, 6-3 سے شکست دی تھی۔

ایک اور کوارٹر فائنل میں جرمن سیکنڈ سیڈ ٹومی ہاس نے کروشیا کے ایوان ڈوڈج کو 7-6 (8/6), 2-6 اور6-1 سے پچھاڑا۔ 34 سالہ ہاس جو سابق عالمی نمبر دو اور اب 19 رینکڈ کھلاڑی ہیں فلوریڈا ہارڈ کورٹ ایونٹ میں اپنے کیریئر کا 14واں ٹائٹل جیتنا چاہتے ہیں۔ سابق چیمپئن ہاس اب لٹویا کے کوالیفائیر ارنیسٹس گلبز کا سامنا کریں گے جنھوں نے اسپین کے کوالیفائیر ڈینئل منوز کو 75 منٹ میں 6-1, 6-4 سے زیر کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں