کھلاڑیوں کو روز گار ملے گا تو چیمپئن بنیں گے آصف

بڑے شہروں میں اکیڈمیاں بنانی چاہئیں، بھارت سے مقابلوں میں پاکستان فیورٹ ہوگا۔


Sports Reporter March 03, 2013
بڑے شہروں میں اکیڈمیاں بنانی چاہئیں، بھارت سے مقابلوں میں پاکستان فیورٹ ہوگا۔ فوٹو: فائل

اسنوکرکے عالمی چیمپئن محمد آصف نے پاک بھارت سیریز میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کوروزگار کی فراہمی سے مزید ورلڈ چیمپئن پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ محمد آصف نے کہا کہ بھارت کے خلاف سیریز کیلیے پاکستان کے تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں میرے نزدیک قومی ٹیم اس مقابلے کو جیتنے کیلیے فیورٹ ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن بننے کے باوجود ابھی تک مستقل ملازمت نہیں ملی جبکہ حکومتی سطح پر ہونے والے اعلانات میں سے صرف وزیر اعظم کی جانب سے انعامی رقم ملی امید ہے دیگر اعلانات پر بھی جلد عمل درآمد ہوگا۔ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں اکیڈمیز کی شدید کمی ہے صرف کراچی اور اسلام آباد میں تربیت کے مراکز موجود ہیں چاروں صوبائی حکومتوں کو بڑے شہروں میں اکیڈمیاں قائم کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں بھی عالمی اعزازات حاصل کرسکیں۔



انھوں نے کہا کہ جب تک اسنوکر کو کرکٹ سمیت د یگر کھیلوں کی طرح فروغ نہیں دیا جاتا تسلسل کے ساتھ کامیابیاں حاصل نہیں کی جاسکتیں جبکہ مستقل روزگار کی فراہمی سے نوجوانوں میں اسنوکر کھیلنے کا شوق پیدا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن جب تک کھلاڑی کو معاشی تحفظ حاصل نہیں ہوگا ، وہ بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے گا۔ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں کوالیفائیڈ کوچز کا کوئی رواج نہیں مستقبل میں بہتر کھلاڑی پیدا کرنے کیلیے اس شعبہ پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ اس موقع پر محمد آصف نے شاٹ کھیل کر اسنوکر ٹیبل کا افتتاح کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں