بیٹنگ کوچ پاکستانی اوپنرز کے کھیل سے مطمئن

سر پر لگنے والی چوٹ سے احمد شہزاد کی کارکردگی متاثرہونے کاتاثردرست نہیں، فلاور


نبیل طاہر October 27, 2017
ورلڈ الیون کیخلاف احمد شہزاد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اوپنرز کے کھیل سے مطمئن ہیں۔

بیٹنگ کوچ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اوپنر کو مسائل تھے لیکن اب 3سال گزر گئے ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں، ورلڈ الیون کیخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، فخرزمان بھی مزید بہتر کرکٹر کی صورت میں کیریئر آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

احمد شہزاد نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریزکے2 میچز کی29گیندوں پر صرف 8رنز بنائے،ایک تاثر یہ ہے کہ3سال قبل یواے ای میں کھیلتے ہوئے سرپر چوٹ لگنے کے بعد ان کی بیٹنگ میں جارحیت ختم ہوگئی، یہ بھی کہا گیا کہ نیچرل کھیل پیش نہ کرنے سے ان کی فارم بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے یہ تاثر غلط قرار دے دیا۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد کی کھوپڑی میں معمولی فریکچر ہوا تھا، اس وقت ابتدا میں مسائل پیش آئے اور کارکردگی متاثر ہوئی لیکن اب اس واقعے کو 3سال گزر گئے، اوپنر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں۔ ورلڈ الیون کیخلاف انھوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، وہ میدان کے اندر اور باہر کی چیزوں کو سادہ رکھیں تو ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ ناکامی کے دور سے باہر نکل آئیں۔

فخر زمان کی فارم کے بارے میں بات کرتے ہوئے گرانٹ فلاور نے کہا کہ نوجوان اوپنر کی بڑی کرکٹ باقی ہے، چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد ان پر توقعات کا بوجھ بڑھ گیا، وہ ذہنی اور تکنیکی طور پر اتنے مضبوط ہیں کہ مزید بہتر کرکٹر کی صورت میں اپنا کیریئر آگے بڑھا سکیں۔

ایک سوال پر گرانٹ فلاور نے کہا کہ بابر اعظم ایک ٹاپ کلاس بیٹسمین کی صورت میں اُبھر رہے ہیں،انھوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں تسلسل سے رنز بنائے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی کارکردگی میں نکھارآ رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں