پچ فکسنگ اسکینڈل میں بھارتی اینٹی کرپشن یونٹ بھی زیر عتاب آگیا

غیرمتعلقہ افرادکی وکٹ تک رسائی پر نیراج کمار اورعملے کو جواب دینا ہوگا، بورڈ


Sports Desk October 27, 2017
گراؤنڈ اسٹاف کی کڑی نگرانی شروع،کیوریٹرز کا معاوضوں میں اضافے کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

بھارت میں پچ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اینٹی کرپشن یونٹ بھی زیر عتاب آگیا۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے سے قبل میزبان وینیو پونے میں پچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا، اس کی وجہ سے سینئر کیوریٹر پانڈورنگ سالگونکر کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑے، انھیں ایک ٹی وی چینل نے اسٹنگ آپریشن میں بے نقاب کیا تھا۔

بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہاکہ کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو وکٹ تک رسائی کی اجازت نہیں اور ایسی چیزوں کی روک تھام اینٹی کرپشن یونٹ کا کام ہے، لازمی طور پر ان سے جواب لینا ہوگا، ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ اے سی یو کے چیف نیراج کمار اورساتھی سب ہی اس معاملے میں جوابدہ ہیں۔

دریں اثنا تیسرے میچ کے میزبان وینیو کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف نے اپنے ہونٹ سختی سے بند کرلیے ہیں، وہ کسی بھی معاملے کو بات کرنے کوتیار نہیں، اس حوالے سے جب اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے کیوریٹر شیو کمار سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہاکہ اس کی وجہ پونے میں پیش آنے والا واقعہ نہیں بلکہ ہمیں پچ کے مزاج سے متعلق کسی بھی قسم کی کوئی بات کرنے کی اجازت ہی نہیں ہے۔

ادھر اس واقعے کے بعد اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے خود ہی اپنے اسٹاف کی سخت نگرانی شروع کردی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ رواں برس مئی میں کانپور کے ہی ایک ہوٹل سے آئی پی ایل میچ سے قبل تین بکیز گرفتار ہوئے تھے جنھوں نے 2کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے کا انکشاف کیا تھا، گرفتار ہونے والوں میں سے ایک شخص کے پاس کانپور کے اسٹیڈیم میں ہورڈنگ بورڈز کی تنصیب کا کام بھی موجود اور اسے تمام عملے تک رسائی حاصل تھی۔

دوسری جانب پچ فکسنگ کا معاملہ سامنے آنے پر کیوریٹر برادری نے معاوضوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا، اگرچہ کوئی بھی اس وقت اپنی ملازمت جانے کے خوف سے سامنے آنے کو تیار نہیں مگر ان کا موقف یہی ہے کہ معاوضوں میں کمی کی وجہ سے اس قسم کے خدشات سروں پر منڈلاتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں