روس کا خوفناک ایٹمی میزائل ’شیطان 2‘ کا تجربہ

شیطان ٹو ایک ہی حملے میں پورے برطانیہ کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، رپورٹ


ویب ڈیسک October 27, 2017
شیطان ٹو نے 5 ہزار 793 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

روس نے نئے ایٹمی بیلسٹک میزائل 'شیطان ٹو' کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 12 جوہری ہتھیار ایک ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے تربیتی مشقوں کے دوران اپنے نئے تباہ کن ایٹمی بیلسٹک میزائل شیطان 2 کا تجربہ کیا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ ایک ہی حملے میں پورا ملک تباہ کرسکتا ہے۔

اس بین البراعظمی میزائل کو 'آر ایس 28 سرمٹ' بھی کہا جاتا ہے اور اس کا وزن 100 ٹن ہے۔ تجربے کے دوران شیطان ٹو نے 5 ہزار 793 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ روسی فوج نے بتایا کہ نیا میزائل اتنا طاقتور ہے کہ 12 نیوکلیئر وار ہیڈز ایک ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی دفاعی صلاحیت کو نقصان پہنچا کر پورے کے پورے ملک کو تباہ کرسکتا ہے.

شیطان ٹو 1945 میں جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گئے امریکی ایٹم بم سے 2 ہزار گنا زیادہ تباہ کن ہے۔ اس میزائل کا ایٹمی آبدوز کے ذریعے جاپان کے شمال میں شمالی کوریا کے قریب تجربہ کیا گیا۔ برطانوی میڈیا نے دعوی کیا کہ یہ میزائل پورے برطانیہ، یا امریکا کی ریاست ٹیکساس اور فرانس کو ایک ہی حملے میں صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں