اپوزیشن جماعتوں کا ٹرین مارچ آج کراچی سے شروع ہوگا

جماعت اسلامی اور مختلف جماعتوں کے قائدین ٹرین مارچ کی قیادت کریں گے.


Staff Reporter March 03, 2013
متعدد مقامات پر استقبالیہ کیمپس قائم،شہر میں بینرز آویزاں اور پمفلٹس کی تقسیم. فوٹو اے ایف پی

کراچی میں جاری قتل وغارت گری ، انتخابی فہرستوں میں ہونے والی بے قاعدگی اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلیے متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے تحت اتوار 3 مارچ سے شروع ہونے والے ٹرین مارچ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ٹرین مارچ کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی کریں گے ، مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پورے شہر میں بینرز آویزاں کیے گئے ، متعدد مقامات پر استقبالیہ کیمپس لگائے گئے ، ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے ، ٹرین مارچ میں مسلم لیگ (ن) جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان ، عوامی مسلم لیگ ، تحریک انصاف، سندھ ترقی پسند پارٹی، نیشنل پیپلزپارٹی، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی اور دیگر مذہبی و سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے، ٹرین مارچ کا آغاز آج علامہ اقبال ایکسپریس سے ہوگا،دوران سفر قائدین حیدرآباد ،ٹنڈوآدم ،نواب شاہ اسٹیشنز پر عوام سے خطاب کریں گے ،رات کو قیام سکھر میں ہوگا۔

8

پیر 4مارچ کو ٹرین روہڑی سے روانہ ہوگی ، روانگی سے قبل جلسہ عام ہوگا اورقائدین خطاب کریں گے ،دوران سفر قائدین خان پور ، بہالپوراور دیگر اسٹیشنز پر استقبالی ہجوم سے خطاب کریںگے جب کہ رات کو ملتان میں قیام کیا جائے گا،منگل 5مارچ کوملتان سے روانگی بذریعہ خیبر ایکسپریس 12بجے دن ہوگی ، روانگی سے قبل ملتان کینٹ پر جلسہ عام ہوگا جس سے قائدین خطاب کریں گے،قائدین خانیوال ،ساہیوال ،اوکاڑہ اور لاہور اسٹیشن پر استقبال کرنے والے عوام سے خطاب کریں گے ،جبکہ رات کو لاہور میں قیام کیا جائے گا،بدھ 6مارچ کولاہورسے روانگی بذریعہ عوام ایکسپریس صبح 8 بجے ہوگی، ٹرین 6مارچ کو ایک بجے دن راولپنڈی پہنچے گی،اسی دن قائدین الیکشن کمیشن کے آفس میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں