پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی

پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے کریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے شکست دے دی اور سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ہی کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکن ٹیم اچھے آغاز کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 124 رنز بناسکی جس کے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 8 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور سری لنکا کی طرح پاکستان کا پہلا کھلاڑی بھی رن آؤٹ ہوا، فخرزمان 11 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کیلیے آئے لیکن بدقسمتی سے انہیں امپائر نے دوسری ہی گیند پر غلط آؤٹ قرار دے کر پویلین واپس بھیج دیا۔

پچھلے میچ میں اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کو فتحیاب کروانے والے شعیب ملک بھی اس بار زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور 9 رنز پر ہی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جب کہ احمد شہزاد کی اننگز بھی 27 رنز تک محدود رہی۔ کپتان سرفراز اور محمد حفیظ کے درمیان 39 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن محمد حفیظ 14 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد آنے والے عماد وسیم بھی 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔


کپتان سرفراز احمد آخری وقت تک وکٹ پر ڈٹے رہے مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ 28 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے پاکستان کو آخری اوور میں 12 رنز چاہیے تھے مگر فہیم اشرف پہلی ہی گیند پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے مگر حیران کن طور پر شاداب خان نے چوتھی گیند پر شاندار چھکا مارکر پاکستان کو فتح کے قریب کردیا اور اگلی ہی گیند پر 2 رنز حاصل کرکے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے دانوشکا گناتھیلاک اور دلشان مونویرا نے ٹیم کو 43 رنز کا آغاز فراہم کیا، مونویرا 19 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سدیرا سماراوکراما نے گناتھیلاک کے ساتھ ملکر کو دوسری وکٹ کیلیے 63 رنز کی شراکت قائم کی مگر سماراوکراما بھی 32 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر گناتھیلاک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی مگر انہیں شاداب خان نے پویلین واپس بھیج دیا۔ ابتدائی بلے بازوں کی جانب سے شاندار آغاز کے باوجود پاکستانی فیلڈرز کی اچھی کارکردگی کے باعث سری لنکن بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑاگئی اور 106 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے باجود پوری ٹیم 124 رنز بناسکی۔

قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے اپنے کریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی اور یوں وہ ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ حسن علی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 29 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story